چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے کراچی کے علاقے بن قاسم پر واقع ملٹی نیشنل کمپنی کے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا دورہ کیا اور کمپنی کے ذمہ داران کو شام تک رپورٹ جمع کروانے کا حکم دے دیا۔
سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کے بعد چیف جسٹس پاکستان کراچی کے دورے پر نکلے اور ملیر جیل کے علاوہ بن قاسم پر واقع ملٹی نیشنل کمپنی کے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا دورہ کیا ۔
جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ جس جگہ یہ کمپنی قائم ہے یہ جگہ لیز نہیں ہے، رپورٹ آنے کے بعد فیصلہ کریں گے ان کا کیا کرنا ہے۔
اس موقع پر چیف جسٹس نے ملٹی نیشنل کمپنی کے فنانس ڈیپارٹمنٹ کا بھی دورہ کیا اور استفسار کیا کہ کام کیسے چلتا ہے ملازمین تو موجود ہی نہیں ہیں۔
اس کے بعد چیف جسٹس نے ملیر جیل کا بھی دورہ کیا اور وہاں قیدیوں کے مسائل بھی سنے۔