ٹھٹھہ(نامہ نگار) حیسکو کے ایگزیکٹو انجینئر امیر احمد میمن کی سربراہی میں ٹیم نے پریس کلب کے احاطہ میں صارفین کو بلوں میں درپیش مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا اس موقع پر صارفین ہاتھوں میں بل اور بجلی کے میٹر لیے شدید گرمی میں پہنچ گئے تاہم انہیں اس وقت شدید مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب انہیں بلوں میں زائد ریڈنگ، ڈیڈکشن سمیت دیگر مسائل کے حل کے بجائے صرف یہ نوید سنائی گئی کہ آپ کے ذمہ واجب الادا رقم کی قسط کرکے دے رہے ہیں وہ جمع کرادیں جس پر صارفین مشتعل ہوگئے اور سخت نعرے بازی کی۔ اس موقع پر صارفین نے بتایا کہ انہوں نے بلوں کی ادائیگی بھی کی ہے لیکن پھر بھی لائن کاٹ دی گئی ہے ہزاروں یونٹ زائد لگا کر بھیج دیے گئے لیکن اب ان کو درست نہیں کیا جا رہا ہے بلکہ اعلیٰ افسران کو ریکوری رپورٹ دینے کے لیے کھلی کچہری کا ڈرامہ رچایا گیا ہے اگر صرف قسطیں ہی کرنی تھیں تو یہ کام دفتر میں بھی ہو رہا ہے۔صارفین نے حیسکو کے چیف ایگزیکٹو سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس طرح کی کھلی کچہریوں کے انعقاد کا نوٹس لیں اور صارفین کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کی ہدایت کریں۔