وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسرائیلی طیارے کی اسلام آباد میں آنے کی خبر جھوٹ قرار دے دی۔
ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جس خبر کی کوئی بنیاد اور حقیقت ہی نہیں اس پر کیا بات کی جائے۔
ان کا کہناتھاکہ اسلام آباد اسرائیلی طیارے کے 10 گھنٹے قیام کی خبر بالکل لغو ہے،اس حوالے سے واضح تردید آچکی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد جمہوریت کےلئے نہیں بلکہ اپنے مفادات کےلئے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک پاک چین تعلقات کا اہم جزو ہے ،افغانستان اور پاکستان کے اچھے تعلقات دونوں ممالک کی ضرورت ہیں،پڑوسی ملک کی ساری تجارت پاکستان کے راستے ہوتی ہے، اگر کسی مسئلے پر شکوہ ہے تو اس پر بات کی جاسکتی ہے۔
سفارت کاروں کی تبدیلی کے فیصلے پر وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ تجربہ کار سفارت کار تعینات کریں ،جو لوگ تعینات تھے وہ سفیر نہیں تھے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ سفارت کار کی ذمہ داری ذاتی نہیں ہوتی اس کے پاس قومی ایجنڈا ہوتا ہے،کوشش ہے کہ ایسے سفارت کار لگائے جائیں جو دنیا کے سامنے پاکستان کا نکتہ نظر بھرپور طریقے سے پیش کریں اور ایسا تجربہ کار اور منجھے ہوئے سفارت کار ہی کرسکتے ہیں۔
مسئلہ کشمیر پر اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ 7 دہائیوں سے چل رہا ہے اور اس معاملے پر ملک میں اتفاق رائے موجود ہے،جسے حل کرنا ہماری خواہش ہے۔