ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں پاکستان نے ملائشیا کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔
مسقط کے سلطان قابوس اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے میچ میں شروع سے ہی دونوں ٹیموں نے جارحانہ انداز اپنائے رکھا اور ملائشیا نے دوسرے ہی منٹ میں گول داغا،مگر 4 منٹ بعد عرفان جونیئر نے گول کرکے مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا۔
کھیل کے 12 ویں منٹ میں علیم بلال نے دوسرا گول کرکے ٹیم کو 1-2 کی برتری دلادی جس کے بعد 15 ویں منٹ میں ابوبکر محمود نے تیسرا گول کیا اور ٹیم کو 2 گول کی سبقت دلائی۔
پاکستان کی جانب سے علیم بلال نے چوتھا اور اپنا دوسرا گول 20 ویں منٹ میں کرکے ٹیم کو 1-4 کی برتری دلائی لیکن قومی ٹیم یہ سبقت برقرار نہ رکھ سکی اور کھیل کے 43 ویں منٹ میں ملائیشیا کے تاج الدین نے گول کرکے برتری 2-4 کردی۔
ملائشیا کی ٹیم نے جارحابہ کھیل پیش کیا اور 44 ویں منٹ میں روزیمی نے گول کرکے اسکول 3-4 کردیا، 12 منٹ بعد ملائشیا کی جانب سے ساری نے ایک اور گول کرکے مقابلہ 4-4 سے برابر کردیا۔
مقررہ وقت میں میچ 4، 4 گول سے برابر ہونے پر پنالٹی شوٹ آؤٹ پر پاکستان نے 1-3 سے کامیابی حاصل کرکے فائنل میں جگہ بنالی ہے۔
پاکستان کی جانب سے ارشد توثیق، ابوبکر محمود اور عماد بٹ نے پنالٹی شوٹ آؤٹ پر گول کیے جب کہ ملائشیا کی جانب سے ایک گول نک روزیمی نے کیا۔
بھارت اور جاپان کے درمیان دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم کا مقابلہ فائنل میں پاکستان سے ہوگا۔