لاہور (صباح نیوز)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کراچی میں اسٹاک ایکسچینج انتظامیہ ریلوے کی زمین خالی کر دے،ملک کی معیشت ریلوے کے بغیر کھڑی نہیں ہو سکتی، ماضی میں اربوں روپے ااسٹیشنز کی بحالی پرلگا دیے گئے۔ریلوے کے وزیر شیخ رشید نے لاہور میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ31اکتوبر کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کراچی میں ٹرین کا افتتاح کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کراچی تا حیدرآباد ٹرین کا افتتاح وزیر اعظم عمران خان اپے دورہ چین کے بعد کریں گے، ریلوے کے گوداموں میں کیمرے لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ اس ملک کی معیشت ریلوے کے بغیر کھڑی نہیں ہو سکتی، ماضی میں اربوں روپے اسٹیشنز کی بحالی پرلگا دیے گئے، ریلوے میں ہمارے 60دن مکمل ہو گئے ۔وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ ریلوے میں جدت لانے کے لیے ٹریکنگ سسٹم میں بہتری لا رہے ہیں، کراچی سرکلر ٹرین کا آدھا کام پرسوں کرنے جا رہے ہیں۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کراچی کی سرکلر ٹرین تین شفٹوں میں چلائیں گے، ٹرین ادھر چلے گی جدھر سواری ہوگی اور پیسہ ملے گا، مسافر ٹرینیں کبھی منافع میں نہیں چل سکتیں۔