کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر یگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر ایک بار پھر ریسکیو مشن میں کامیاب ہوگئے، انہوں نےاپنے ذاتی وسائل سے مسقط میں قومی ہاکی ٹیم کے ہوٹل کے بقایاجات کو ادا کرنے کا انتظام کر لیا،جس کے بعدکھلاڑیوں کو ان کے پاسپورٹ مل گئے ہیں۔ رقم کی عدم ادائیگی پر ہوٹل انتظامیہ نے کھلاڑیوں کو ان کے سفری دستاویزات واپس دینے سے انکار کردیا تھا۔ پی ایچ ایف کے صدر نے کہا ہے کہ ٹیم کو ہر ممکن سہولت دی ہے، ملکی مفاد میں دوستوں کی مدد سے ایک بار پھر رقم کا بندوبست کیا۔ ملک کی نیک نامی اور سربلندی عزیز ہے، مشکلات کے باجود تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ فیڈریشن اور کھلاڑی مشکلات کے باوجود جان لڑا رہے ہیں، حکومت کے ساتھ مل کر قومی کھیل کی ترقی کے لیے کام کریں گے۔