لاہور (نمائندہ جنگ) چیف جسٹس پاکستان نے قرار دیا ہے کہ شہری علاقے میں پٹوار خانے صرف پیسے کھانے کے لئے بنائے گئے ہیں۔ چیف جسٹس پاکستان نے سپریم کورٹ میں لاہور کے پٹوار خانوں سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ اربن ایریاز میں پٹوار خانہ قائم کرنے پر چیف جسٹس نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ چیف جسٹس نے سوال کیا کہ یہ پٹوار خانے کس قانون کے تحت بنائے گئے ہیں؟ سپریم کورٹ نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر لاہور اور دیگر کو نوٹس جاری کر دیئے اور حکم دیا کہ اس کیس کو اسلام آباد منتقل کریں وہاں سنیں گے۔ چیف جسٹس نے چیف سیٹلمنٹ کمشنر و ممبر بورڈ آف ریونیو اسلم حیات کی جانب سے بغیر تیاری کے پیش ہونے پر انکی سرزنش کی اور حکم دیا کہ عدالت آنے سے پہلے کیس تیار کر کے آیا کریں۔