• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

رومیو ویڈز ہیر:پہلی قسط پر 40لاکھ ، ٹائٹل سونگ پر50لاکھ ہٹس


’جیو ٹی وی‘ کے میگا ڈرامہ سیریل ’رومیو ویڈز ہیر‘ نے نشر ہوتے ہی ہر طرف دھوم مچادی ہے۔ ڈرامے کی پہلی قسط کو عوام کی بڑی تعداد نے اپنے ٹیلی ویژن اسکرین پر دیکھا جبکہ سوشل میڈیا پر اس ڈرامے کو دیکھنے والوں کی تعداد لاکھوں تک جا پہنچی ہے۔

ہنسی مذاق، محبت، رومانس، مستی اور شرارت سے بھر پور کہانی سال کی سب سے بڑی لو اسٹوری ہے جسے ناظرین کی جانب سے بے حد سراہا جارہا ہے۔

ڈرامے کے او ایس ٹی نے صرف ایک ماہ میں 50 لاکھ ویوز حاصل کرلئے ہیں جبکہ ڈرامے کی پہلی قسط نے صرف یوٹیوب پر 40 لاکھ سے زائد ویوز حاصل کرکے نئی شناخت بنالی ہے ۔

اس ڈرامے کی دوسری قسط اب تک 15 لاکھ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں جس کی ٹیلی ویژن ریٹنگ نو اعشاریہ صفر پانچ ریکارڈ کی گئی ہے جو کسی بھی ڈرامہ سیریل کی دوسری قسط کی سب سے زیادہ ریٹنگ ہے۔

سوشل میڈیا پر ڈرامے کی اقساط اور او ایس ٹی دیکھنے والوں کی تعداد میں ہر گھنٹے بعد تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ ’رومیو ویڈز ہیر ‘ کی دونوں اقساط یو ٹیوب پر بالترتیب پہلی اور دوسری ٹرینڈنگ پر ہیں۔

پاکستانی ڈراموں میں مقبولیت کے تمام ریکارڈ توڑنے والی شہرۂ آفاق سیریل ’خانی‘ کے بعد یہ عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کے سیونتھ ’اسکائی انٹرٹینمنٹ‘ کی نئی پیشکش ہے۔

سپر ہٹ سیریل ’خانی‘ سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی مقبول جوڑی فیروز خان اور ثنا جاوید اس ڈرامے کے مرکزی کردار ہیں جو دو مختلف طبقات کے کرداروں کو بالکل منفرد انداز سے پیش کررہے ہیں۔

اپنی تحریر سے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے والے نامور رائٹر ڈاکٹر محمد یونس بٹ نے اس ڈرامے کی کہانی کو انتہائی خوبصورتی سے تحریر کیا ہے ۔

سیریل کے ہدایتکار انجم شہزاد ہیں جو اب کسی تعارف کے محتاج نہیں ۔ وہ سپر ہٹ سیریل ’خانی‘ میں بھی اپنی ڈائریکشن کی مہارت دکھا چکے ہیں۔انجم شہزاد کی نئی کاوش کو بھی ہر جانب سے سراہا جارہا ہے۔

اپنی مزاحیہ ویڈیوز سے شہرت حاصل کرنے والے شفاعت علی نے اس ڈرامے سے ڈیبیو کیا ہے۔ فردوس جمال، علی سفینا، ثمن انصاری، تارا محمود، رایان ابراہیم، مریم انصاری اور دیگر بھی ڈرامے کی کاسٹ میں شامل ہیں۔

’ رومیو ویڈز ہیر‘ ہر اتوار کی شب 8 بجے نشر کیا جاتا ہے۔ 

تازہ ترین
تازہ ترین