اسلام آباد( نامہ نگار) وفاقی وزیر امورکشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پورنےکہاہے کہ حکومت وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق گلگت بلتستان میں سیاحت کے شعبے کو ترقی دینےکے لیے اربوں روپے کے وسائل فراہم کرے گی تاکہ گلگت بلتستان میں سیاحت کو جدید خطوط پراستوار کیا جاسکے۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز گلگت بلتستان ٹوررزم ڈیپارٹمنٹ کےاجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیرنے کہاکہ گلگت بلتستان سیاحت اور معدنی وسائل میں بے پناہ صلاحیت رکھتاہے جس کو آج تک درست سمت میں ترقی نہ دی جاسکی،سیاحت کے شعبے میں بیرونی سرمایہ کاری کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ انہوں نےکہاکہ اُن کی حکومت گلگت بلتستان میں غیر ملکی سیاحوں کی تعداد بڑھانے کے لیےموثر اقدامات کرے گی۔