اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سپریم کورٹ کے 31اکتوبر 2018کے فیصلے میں اپیل گزار کے زیر دفعہ 342 ضابطہ فوجداری دیئے گئے بیان کو مسترد کیا گیا جو آسیہ بی بی کا ٹرائیل کورٹ کے فیصلے میں جو مکمل متن شامل کیا گیا وہ ذیل میں ہے۔ ’’میں ایک شادی شدہ خاتون اور دو بچوں کی ماں ہوں میرا خاوند ایک غریب مزدور ہے میں محمد ادریس کے کھیتوں میں دیگر کئی خواتین کے ہمراہ روزانہ کی اجرت کے عوض فالسے چننے جایا کرتی تھی۔ مبینہ وقوعہ کے روز میں دیگر کئی خواتین کے ہمراہ کھیتوں میں کام کر رہی تھی۔ مسماۃ معافیہ اور مسماۃ اسماء بی بی (گواہان استغاثہ) کے ساتھ پانی بھر کے لانے پہ جھگڑا ہو گیا جو میں نے ان کو پیش کرنا چاہا لیکن انہوں نے یہ کہہ کر منع کردیا چونکہ میں عیسائی ہوں اس لئے وہ کبھی بھی میرے ہاتھ سے پانی نہیں پیے گی اس بات پر میں اور استغاثہ کی گواہان خواتین کے درمیان جھگڑا ہوا اور کچھ سخت الفاظ کا تبادلہ ہوا۔ اس کے بعد استغاثہ کی گواہان قاری سلام/ شکایت گزار تک اس کی بیوی کے ذریعے پہنچی جو ان دونوں خواتین کو قرآن پڑھاتی تھی، ان استغاثہ کے گواہان نے قاری سلام سے مل کر سازش کے تحت میرے خلاف ایک جھوٹا مقدمہ گھڑا۔ میں نے پولیس کو کہا کہ میں بائیبل پرحلف اٹھانے کو تیار ہوں کہ میں نے کبھی حضرت محمد ﷺ کے متعلق توہین آمیز الفاظ بیان نہیں کئے۔ میں قرآن اور اللہ کے پیغمبر کے لئے دل میں عزت اور احترام رکھتی ہوں لیکن چونکہ پولیس بھی شکایت گزار سے ملی ہوئی تھی اس لئے پولیس نے مجھے اس مقدمے میں غلط طور پر پھنسایا۔ استغاثہ کی گواہان سگی بہنیں ہیں اور اس مقدمے میں مجھے بدنیتی سے پھنسانے میں دلچسپی رکھتی ہیں کیونکہ ان دونوں کو میرے ساتھ جھگڑے اور سخت الفاظ کے تبادلے کی وجہ سے بے عزتی اور ذلت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ قاری سلام/ شکایت گزار بھی مقدمے میں اپنا مفاد رکھتا ہے کیونکہ یہ دونوں خواتین اس کی زوجہ سے قرآن پڑھتی رہی تھیں۔