اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر جواد ظریف نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں ممالک میں قائم کثیرجہتی میکانزم کے ذریعے قریبی روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا، ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے پاکستانی ہم منصب سے ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کے آنے کے بعد دوسری مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا ہے۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح تبادلوں کو دو طرفہ تعلقات میں گرم جوشی کا اظہار قرار دیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں اور خطے میں بڑھتے چیلنجز دونوں ممالک کو ساتھ کام کرنے کا موقع فراہم کرتےہیں۔