گندمی رنگت اور دلکش نقوش کے باعث اپنی شناخت بنانے والی ماریہ واسطی کا شمار پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی ان اداکاراؤں میں ہوتا ہے جن کے بغیر اوائل دور کا کوئی بھی ڈرامہ ادھورا سمجھا جاتا تھا۔ماریہ واسطی کو انڈسٹری سے جڑے 20سال سے زائد عرصہ گزرگیا ہے لیکن آج بھی ان کی شہرت بطور ہیروئن یا مرکزی کردار کے لیے کم نہیں ہوپائی۔14اگست 1980ء کے دن پاکستان کی یہ غیر روایتی اداکارہ تنزانیہ کے دارالحکومت دارالسلام میں پیدا ہوئیں ۔ماریہ واسطی کا فیملی بیک گراؤنڈ بھی پاکستان فلم انڈسٹری سے تعلق رکھتا ہے، وہ معروف اداکارہ نجمہ واسطی کی بیٹی ،طاہرہ واسطی کی بھانجی ہیں۔ ایک فلمی گھرانے سے تعلق رکھنے کے باوجود ماریہ واسطی کے والدین انھیں ڈاکٹر بنانے کے خواہش مند تھےلیکن وہ بزنس وومن بننا چاہتی تھیں لیکن کون جانتا تھا کہ ماریہ ڈاکٹر اور بزنس وومن کے بجائے بلکہ ایک اداکارہ کے طور پر پہچانی جائیں گی۔ماان کابچپن ساؤتھ افریقہ میں گزرا، جس کے سبب ابتدائی تعلیم بھی وہیں حاصل کی ،کچھ عرصہ افریقہ میں رہنے کے بعد ماریہ کے والدین لاہور شفٹ ہو گئے۔جس کے بعد انھوں نےلاہور کے ایک نجی اسکول میں داخلہ لے لیا۔ اداکاری کا شوق بچپن سے ہی تھا، یہی وجہ تھی کہ وہ کالج اور یونیورسٹی لائف کے ڈرامہ پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا کرتی تھیں ۔
ماریہ واسطی کے فنی کیریئر کی بات کی جائے تو اس کا آغاز 90کی دہائی کے وسط میں ہوا، جب انھوں نے لاہور سینٹر کے ایک لانگ پلے ’سارہ اور عمارہ‘ کے ذریعے ڈیبیو کیا۔ اس آغاز سے متعلق ماریہ کا کہنا ہے کہ والدہ کا تعلق شوبز اندسٹری سے ہونے کے سبب وہ اکثر سیٹ پر جایا کرتی تھیں۔ اسی سیٹ پر ایک دن مشہور ڈائریکٹر بختیار احمد نے اپنے نئے ڈرامے’ سارہ اورعمارہ‘ کے لیے مجھے آفر کی ،اسی ڈرامے سے میرے فنی کیریئر کا آغاز ہوا۔ تاہم انہیں شہرت بانو قدسیہ کے لکھے ڈرامے ’کلّو‘ سے ملی، جس کے بعد لگاتار کئی یادگار ڈرامے ٹی وی انڈسٹری میں ان کی پہچان کا سبب بنے، جن میں آشیانہ، عورت کا گھر کونسا، کلموہی ،ملکہ عالیہ اور نیک پروین سمیت دیگر قابل ذکر ہیں۔ ماریہ اس کے علاوہ ’رام چند پاکستانی‘ جیسی بین الاقوامی شہرت یافتہ فلم میں بھی کام کرچکی ہیں۔ ماریہ واسطی اب تک 50کے قریب ڈرامہ سیریلز، درجنوں کے قریب ٹیلی فلموں اور پشتو فلم (یارانہ ) میں بھی کام کرچکی ہیں۔ ماریہ واسطی اداکار ہ ہی نہیں ایک اچھی ہوسٹ بھی ہیں اور مارننگ شو کی میزبانی کو وہ اپنی زندگی کا منفرد اور خوبصورت تجربہ کہتی ہیں۔ ہوسٹنگ اور ایکٹنگ کے علاوہ ماریہ واسطی اپنا ایک پروڈکشن ہاؤس بھی چلارہی ہیں اور اس پروڈکشن ہاؤس نے ٹی وی انڈسٹری کو نامورٹی وی سیریل بھی دیے ہیں۔
اپنے کامیاب کیریئر سے متعلق ماریہ واسطی کا کہنا ہے کہ کسی بھی شخص کی کامیاب زندگی میں خوبصورتی اور صلاحیتوں کا بڑا عمل دخل ہوتا ہے، آج وہ جو کچھ بھی ہیں اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر ہیں۔لیکن وہ مشینی انداز میں کام کرنے کی قائل نہیں، مشقت کے بجائے تخلیقی کام پر زور دیتی ہیں۔ سکون سے کام کرنے کی قائل اور اچھے سکرپٹ تلاش میں رہتی ہیں تاکہ اسے پورا وقت دے سکیں۔
ماریہ واسطی رواں برس یوم آزادی کے دن اپنی38 ویں سالگرہ منا چکی ہیں، انھیں دیکھ کر قدرے یقین کرنا مشکل ہے کہ ماریہ واسطی اتنی عمر ہونے کے باوجود آج بھی بے حد خوبصورت اور پر کشش شخصیت کی مالک ہیں۔ خوبصورت اداکارہ ماریہ واسطی کا ازدواجی زندگی سے متعلق کہنا ہے کہ انھیں دوسری لڑکیوں کی طرح شادی کی کوئی جلدی نہیں لیکن زندگی میں ایک ایسا شخص موجود ہے جس سے شادی ہوسکتی ہے لیکن دماغ اسے ابھی اور پرکھنے پر زور دیتا ہے۔