• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چھ بچوں کی پرورش کرنے والی انجلینا جولی، 43 سال کی ہونے والی ہیں۔ ان کی عمر جوںجوں بڑ ھ رہی ہے ، ان کی سمجھداری، ذہانت اور سوچ میں پختگی کے ساتھ ساتھ خوبصورتی اور نسوانی صفات میںاضافہ ہوتاجارہاہے۔ خود انجلینا کا کہنا ہے، ’’ مجھے بھی لگتاہے کہ جیسے جیسے ہماری عمر بڑھتی ہے ، ہم بہتر سے بہتر ہوتے چلے جاتےہیں چاہے مرد ہو یا عورت‘‘۔

آج کل انجلینا جب بھی آئینہ دیکھتی ہیں تو انہیںاپنے رُوپ میں اپنی ماں مرشلائن برٹرنڈ دکھائی دیتی ہیں ، جو انہی کی طرح خوبصورت ، سماجی بہبود کی علمبردار اور ایک اداکارہ تھیں۔ انجلینا جولی کی ہدایت میں بننے والی پہلی فلم ’’ فرسٹ دے کِلڈمائی فادر‘‘ کو گذشتہ برس گولڈن گلوب اور بافٹا ایوارڈ کی نامزدگیاں ملی تھیں۔ رواں سال وہ پھر سے اداکاری کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لیے اپنی مشہور زمانہ فلم ’’میلیفشنٹ ‘‘ کی دوسری فلم کرنے میں مصروف ہیں ، ساتھ ہی ڈزنی کی فلم ’’The One and Only Ivan‘‘ کے کردار کی صداکاری (وائس اوور) بھی کررہی ہیں۔

خوبصورتی اور نسوانیت کے بارے میں انجلینا نے اظہار خیال کیا، ’’آج کی عورت یہ سمجھتی ہے کہ اسے مختلف سمتوںمیں مصروف کیا جارہاہے اور ان کی نسوانیت پر سوالیہ نشان لگ رہا ہے لیکن ایسی کوئی بات نہیں ۔ حسین نظر آنا ہم خواتین کی فطرت میں اور جلوے بکھیرنا ہماری سرشت میں ہے۔ لیکن ساتھ ہی ہمیں اپنا بہت خیال بھی رکھنا ہے ۔بہت سے لوگ سمجھتے ہیں کہ گلیمرس فلمی ستاروں کے پاس جہاز اڑانے کا لائسنس ہوتاہے۔ ہاں مجھے بھی اسی قسم کی آزادی پسندہے، میں چاہتی ہوں ، جہاں جہاں مہاجرین یا ضرورت مندوں کو میری ضرورت ہے ،میں اڑ کروہاں پہنچ جائوں یا بین الاقوامی مسائل کے حل کیلئے اپنی کوششیں کروں‘‘۔ انجلینا جولی اقوام متحدہ کی خصوصی مندوب برائے مہاجرین بھی ہیں۔

انجلینا کی خوبصورتی کا راز

انجلینا کی خوبصورتی کا راز جِلدی امراض کے ماہر ڈاکٹر روہندا رند نے کھولا، وہ کہتے ہیں، ’ ’ انجلینا کو تھوڑے بہت علاج کی ضرورت ضرور تھی تاہم انہیں وراثت میں ایسی جِلد ملی، جو عمر رسیدہ ہونے کے باوجود تروتازہ نظر آتی ہے۔ جب انجلینا جولی نے اداکاری کے میدان میں قدم رکھا تو اُن کی خواہش تھی کہ جِلد کی مکمل حفاظت کریں اور اپنے حسن کو برقرار رکھیں۔ اس معاملے میںانجلینا کو زیادہ محنت کی ضرورت اس لیے نہیں پڑی کیونکہ ان کی والدہ بھی خوبصورت اور بہترین جِلد کی مالک تھیں۔‘‘

سادگی بھی حسین ہے

خود انجلیناکا کہنا ہے ،’’میں بہت سادہ ہوں اور خوبصورت نظر آنے کے لئے زیادہ جتن نہیں کرتی۔ میر ے بارے میں پرستاروں کا خیال ہے کہ میں خوبصورتی پر بہت زیادہ توجہ دیتی ہوں لیکن میں اس بارے میں صرف یہ کہو ں گی کہ میں نے گھر پر کبھی میک اَپ نہیں کیا ، میں شروع سے ہی بہت زیادہ سادہ طبیعت کی مالک ہوں ۔ میں بچوں کی وجہ سے اپنی خوبصورتی پر زیادہ توجہ نہیں دے سکتی ، میں اپنے بچوں کی پرورش بہت اچھی طر ح سے کر رہی ہوں ، مجھے اپنے بچوں کی وجہ سے خود کو سنوار نے کا وقت نہیں ملتا ‘‘۔ انہوں نے کمر شلز کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ انھیں کمرشلز کی آفر ہو تی ہے لیکن اس کے لیے وقت نہیں ملتا، وہ ہوم پروڈکشن کی طرف باقاعدہ توجہ دینے کا ارادہ رکھتی ہیں، تا ہم ابھی اس سلسلے میں باقاعدہ منصوبہ بندی کر رہی ہیں ۔

بہترین فیشن آئیکون

2015ء میں ایک امریکی سروے میںانجلینا جولی کو دنیا کی بہترین فیشن آئیکون قرار دیا گیا تھا۔ سروے کے مطابق آنجلینا جولی کا فیشن سینس بہت اعلیٰ اور خوب ہے۔ جہاں وہ خواتین کے لیے بڑھ چڑھ کر فلاحی کام کررہی ہیں، وہیں ان کے ملبوسات بھی صنف نازک میں خاصے مقبول ہیں۔بہترین فیشن آئیکون سروے میں بڑی تعداد میں ووٹرز نے انجلینا جولی کو ووٹ دیئے۔سروے میں ہیری پوٹر اسٹار ایما واٹسن نے دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ جینیفر لارنس تیسرے نمبر پر رہیں۔

تازہ ترین