پاکستان شوبز انڈسٹری کے خوبرو اور پرکشش اداکار عمران عباس کے بارے میں پچھلے دنوںیہ خبر زیرِ گردش تھی کہ وہ شوبزنس کی چکا چوند کو چھوڑ رہے ہیں لیکن عمران عباس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا،’’میں کافی عرصے سے یہ خبریں سن رہا ہوں کہ میں جلد ہی اداکاری چھوڑ رہا ہوں، گزارش ہے کہ ان افواہوں پر توجہ نہ دیں‘‘۔
ایک دوسری خبر بھی ان کے حوالے سے عام ہے، جوکہ افواہ نہیں بلکہ حقیقت ہےاور وہ یہ کہ عمران عباس کو ’انڈیپنڈنٹ کریٹکس‘ نامی ویب سائٹ کی جانب سے2018ء کے 100پُر کشش چہروں کے لیے نامزد کیا گیاہے۔ انڈیپنڈنٹ کریٹکس1990ء سے دنیا کے پرکشش چہروں کی فہرست مرتب کرتا آرہا ہے۔ اداکار عمران عباس نے یہ خبر انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں دنیا کے مشہور ناموں کے ساتھ اس فہرست میں شامل ہوکر پاکستان کی نمائندگی کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے، جس کے باعث وہ بہت خوش ہیں۔ اس فہرست میں ان کے ساتھ ہالی ووڈ اداکار ٹام کروز، بالی ووڈ اداکار ہرتیک روشن، دپیکا پڈوکون، پریانکا چوپڑا جب کہ کھیل کی دنیا کے دو بڑے نام کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی بھی شامل ہیں۔
مختصر ابتدائی حالات
عمران عباس نے15اکتوبر1982ء کو لاہور میں آنکھ کھولی۔ انھوں نے لاہور کے نیشنل کالج آف آرٹس سے آرکیٹیکچرکی تعلیم حاصل کی مگر اپنے پیشے میں کیریئر بنانے کے بجائے وہ اداکاری کی طرف آگئے۔
پیشہ ورانہ زندگی
عمران عباس نے باقاعدہ اداکاری شروع کرنے سے پہلے آغوش ڈرامے میں مختصر کردار ادا کیا تھا۔ 2003ء میں انھوں نے جیو ٹی وی کے ڈرامہ سیریل ’’اُمراؤ جان ادا‘‘ سے اپنے کیریئر کی ابتدا کی۔ انھیں جیو ٹی وی کے ڈرامے ’’خدا اور محبت‘‘ میں اپنی جاندار اداکاری کی وجہ سے خاصی شہرت حاصل ہوئی جبکہ ’’ محبت تم سے نفرت ہے ‘‘ بھی ان کے یادگار ڈراموں میں سے ایک ہے۔اس کے علاوہ عمران عباس نے 2013ء میںرومانوی ڈرامہ ٹیلی فلم ’’انجمن ‘‘ میں بھی کام کیا ، جس میں وہ اداکارہ سارہ لورین اور سوہا علی ابڑو کے مد مقابل نظر آئے۔ وہ اب تک کئی ٹی وی ڈرامے اور ٹیلی فلمز میں کام کرچکے ہیں۔
بالی ووڈ کیریئر
ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران عمران عباس کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی زندگی میں کوئی پچھتاوا نہیں لیکن انہیں اس وقت بہت افسوس ہوا تھا جب انہوں نے بالی ووڈ کی سپر ہٹ فلمیں ’’ عاشقی 2‘‘ اور ’’ رام لیلا ‘‘ ٹھکرائی تھیں اور یہ فلمیں بعد میں بہت ہٹ ہوئیں جبکہ میں نے وہ فلمیں کی جو زیادہ کامیاب نہیں ہوسکیں۔
عمران عباس کی پہلی بالی ووڈ فلم2014ء میں’کری ایچر تھری ڈی‘ ریلیز ہوئی، جس میں انہوں نے بپاشا باسو کے ساتھ کام کیا۔ ان کی دوسری بالی ووڈ فلم ’جانثار‘ 2015ء میں ریلیز ہوئی۔ اس کے بعد انھوں نے 2016ء میں ریلیز ہونے والی اپنی تیسری بالی ووڈ فلم ’اے دل ہے مشکل‘میں رنبیر کپور، انوشکا شرما، ایشوریا رائے اور پاکستانی اداکار فواد خان جیسے نامور اداکاروں کے ساتھ کام کیا۔ تاہم انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں اب تک سنجے لیلیٰ بھنسالی، شیکھر کپور اور کرن جوہر سمیت بڑے بالی ووڈ فلم ساز متعدد فلموں میں کام کرنے کی پیشکش کر چکے ہیں۔ان کا ماننا ہے کہ انہیں بالی ووڈ میں کام کرنے کا کوئی اچھا تجربہ نہیں ہوا مگر یہ اتنا برا بھی نہیں تھا۔
عمران عباس کے مشاغل
عمران عباس کہتے ہیں کہ انہیں شروع سے ہی شاعری اور کہانیاں لکھنے کا شغف رہا ہے۔
وہ زمانہ طالب علمی میں فٹبال کھیلنے کے علاوہ فٹنس کے لیے دیگر مشقیںبھی کیا کرتے تھے۔ محبت کے حوالے سے عمران کا کہنا ہے کہ اب انہیں کم عمری والی محبت کبھی بھی نہیں ہوسکتی، تاہم وہ اس وقت بھی کسی سے محبت کرتے ہیں۔ وہ جلد شادی کرنے والے ہیں اور چاہتے ہیں کہ جلد سے جلد وہ والد بن جائیں۔
عمران عباس نے دنیا کی زندگی، محبت، عیش و عشرت اور کامیابیوں کو وقتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سب چیزیں یہیں رہ جانی ہیں، یہ دنیا فانی ہے، ان سب چیزوں کا کوئی بھروسہ نہیں۔ اس دنیا اور زندگی میں ہر انسان کو ہر وقت ایک خوف محسوس ہوتا ہے کہ اس سے فلاں چیز چھن جائے گی اور یہ حقیقت بھی ہے کہ ہر چیز یہیں رہ جانی ہے۔