• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

بالی ووڈ دیسی گرل کا نیویارک میں برائیڈل شاور

بالی ووڈ کی دو بڑی شادیوں کے دن نزدیک آگئے ہیں۔ ایک طرف اداکارہ دیپیکا پڈوکون ماہ نومبرمیں اداکار رنویر سنگھ کی دلہن بنیں گی تو دوسری طرف تھوڑے ہی دن بعدبالی ووڈ دیسی گرل پریانکا چوپڑا ہالی ووڈگلوکار نک جونس کے ساتھ پیا دیس سدھارجائیں گی۔ ویسے تو پریانکا اپنی زندگی کے نئے سفر کا آغاز 2دسمبر کو کریں گی لیکن ان کی شادی کی تقریبات کا آغاز ابھی سے کردیا گیا ہے، جس کےتحت برائیڈل شاو ر کا اہتمام کیا گیا۔ پریانکا کے برائیڈل شاور سے متعلق اہم معلومات ہم قارئین کی نذر کررہے ہیں۔

تقریب کا انعقاد اور مہمان خصوصی

پریانکا چوپڑا کے برائیڈل شا ور کی تقریب نیویارک کے ٹفینی اینڈ کو بلیو باکس کیفے میں منعقد کی گئی۔ برائیڈل شاور میں ان کی والدہ مدھوچوپڑا ، ان کی ساس ا ور ہونے والی جیٹھانی سمیت دیگر قریبی دوست احباب نے خوب ہلاّ گلاّ کیا۔ پریانکا بھی اس موقع پربے حد خوش اور موج مستی میں مگن نظر آئیں۔ پریانکا کے ہونے والے دولہا اور گلوکار نک جونس ملک سے باہر ہونے کے سبب ان کے برائیڈل شاور میں شرکت نہیں کرپائے ۔

لباس،جیولری اور میک اَپ

بالی ووڈاور ہالی ووڈ نگری میں پریانکا چوپڑا سب سے زیادہ اسٹائلش اداکارہ کے طور پر جانی جاتی ہیں۔ فلم فیئر ہو یا آسکر ایوارڈ، کیمرے کی نگاہیں اس خوبصورت اداکارہ کو قید کیے نظر آتی ہیں، توپھر یہ کیسے ممکن ہے کہ پریانکا کا برائیڈل شاور ہو اور ان کے لباس کے چرچے نہ ہوں! برائیڈل شاور کی تقریب کے لیے پریانکا جب ٹفینی اینڈ کو کے ففتھ ایوینیو پہنچیں تو مہمانوں سمیت کئی نگاہیں، نیویارک کے معروف فیشن ڈیزائنر مرچیسا برینڈ کےڈیزائن کردہ سفید رنگ کے خوبصورت بغیر اسٹریپس والے کالم گاؤن پر جا ٹھہریں۔ گاؤن کے اسکرٹ پر فیدر ایمبرائیڈری ( پنکھ کڑھائی ) تھی ۔ گاؤن کے ساتھ پریانکا نے ہلکےرنگ کےپمپس کا انتخاب کیا تھا، یہ پمپس فرینچ فیشن ڈیزائنر کرسٹین لوبوٹن کے تیار کردہ تھے۔ جیولری کے لیے امریکا کی معروف کمپنی کے خوبصورت ڈائمنڈنیکلس ( ایک رپورٹ کے مطابق اس جیولری کی قیمت 10کروڑ بھارتی روپے بتائی گئی ہے ) اور اس کے ساتھ بیج کلر کے کلچ کا انتخاب کیا گیا تھا۔ میک اَپ کی بات کی جائے تو نیچرل میک اَپ لُک کے ساتھ سلکی اور کھلےبال تقریب میں پریانکا کے حسن میں اضافہ کررہے تھے۔

کھانے کا مینیو

کسی بھی تقریب میں کھانے کا مینیو اس تقریب کا سب سے اہم حصہ ہوتا ہے۔ پریانکا کے برائیڈل شاور میں مہمانوں کی خاطر مدار ت ٹن فوڈ، کوک ٹیل اور کولڈڈرنک سے کی گئی۔ مہمانوں کے لیے بطور گڈی بیگ نیلے رنگ کے باکسز (ٹفینی پیٹٹ ) کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ رپورٹس کے مطابق برائیڈل شاور میں بالی ووڈ میوزک اور موج مستی سے بھرپور تقاریرکا اہتمام کیا گیا۔

بالی ووڈ اداکاراؤں کی شرکت

پریانکا کا برائیڈل شاور اگرچہ نیویارک میں منعقد کیا گیا تھا لیکن وہاں بھی بالی ووڈاداکاراؤں کی شرکت نے اس تقریب کو چار چاند لگا دیے۔ بالی ووڈ اداکاراؤں میں سونالی بیندرے اور رنبیر کپور کی والدہ اداکارہ نیتو کپور نے شرکت کی۔نیتو کپور ان دنوں اپنے شوہر رشی کپور کے ہمراہ نیویارک میں موجود ہیں جب کہ سونالی کینسر کے علاج کے لیے نیویارک میں رہائش پذیر ہیں۔ دونوں اداکاراؤں نے برائیڈل شاور کی تقریب میں شرکت کی تصاویر انسٹاگرام پر مداحوں کے ساتھ شیئر بھی کیں ۔

پریانکا کی ویڈیو مداحوں کی توجہ کا مرکز

برائیڈل شاور کی ایک نہیں کئی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہیں۔نہ صرف تصاویر بلکہ اداکارہ کی دوست احباب کے ساتھ رقص کرتی ایک ویڈیو بھی مداحوں کی توجہ کا مرکز بنی ہے۔اس ویڈیو میں اداکارہ کو دوست احباب کے ساتھ رقص کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ دوسری جانب پریانکا چوپڑا کی کزن پرینیتی چوپڑا بھی اس شادی سے متعلق خاصی پرجوش ہیں، وہ نہ صرف پریانکا کے ہر فنکشن میں آگے آگے دکھائی دیتی ہیں بلکہ اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے نک جونس سےخاصی بڑی رقم (5ملین ڈالر)جوتا چھپائی کی رسم میںلینے کا مطالبہ کرچکی ہیں۔

پریانکا اور نک کا ملن

بالی ووڈ سے ہالی ووڈ تک جلوے بکھیرنے والی 36سالہ اداکارہ پریانکا چوپڑا کی اپنے سے 10سال چھوٹے ہالی ووڈ گلوکار نک جونس کے ساتھ جوڑی کے چرچے گزشتہ برس سے خاصے مقبول ہیں۔ اس جوڑے کے ملن سے متعلق بات کی جائے تو دونوں کو ایک ساتھ پہلی مرتبہ مئی 2017ء میں کانز کے ’میٹ گالا‘ پر ساتھ دیکھے گئے تھے، تاہم اس کے بعد بھی رشتے سے متعلق کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی تھی۔ اس رشتے کو تصدیق کی سند رواں سال جون کے مہینے میں اس وقت ملی جب نک جونس اور پریانکا کو نیویارک ایئر پورٹ پر ایک ساتھ دیکھا گیا، جب وہ دونوں پریانکاکی کزن کی شادی میں شرکت کے لیے نیو جرسی جارہے تھے۔یہ کوئی عام تصویر نہیں تھی بلکہ اس تصویر نےان کے رشتے کے ہر راز سے پردہ اٹھادیا تھا۔ 

اس رشتے سے متعلق ایک اور اہم بات یہ کہ اس خوبصورت جوڑے کو ڈیوین جانس (دی راک) نےملوانے کا کام سرانجام دیا تھا۔ جب اس کے متعلق ڈیوین جانس سے پوچھا گیا تو انھوں نے اس بات کی تصدیق کچھ اس طرح کی، ’’ہاں میں نے ہی نک جانس اور پرریانکا کو ملوایا تھا، اگر یہ دونوں خوش ہیں تو سارا کریڈٹ میرا ہے۔ میں نےپریانکا کے ساتھ بےواچ میں کام کیا جبکہ نک کے ساتھ جومانجی میں اور میں ہی ان دونوں کو قریب لایا‘‘۔پریانکا اگلے ماہ نک جونس کے ساتھ جودھ پور میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گی، جس میں دولہا دولہن کی جانب سے 200 مہمانوں(صرف قریبی عزیز و اقارب) کو مدعو کرنے کا فیصلہ متوقع ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین