اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ بھارت نے وزرائے خارجہ ملاقات منسوخ کرکے امن کا موقع ضائع کر دیا، انہوں نے یہ بات قومی اسمبلی کے وقفہ سوالات میں شگفتہ جمالی کے سوال پر تحریری جواب میں بتائی۔ جبکہ وزیرتجارت نے بتایاکہ 2017-18 میں پاکستان کا تجارتی خسارہ37.7بلین ڈالر رہا۔ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے اجلاس کی صدارت کی۔ کورم ٹوٹنے کی وجہ سے ضمنی سوالات نہ ہوسکے۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو جاننے کے لئے اقوام متحدہ سے تحقیقاتی کمیشن کا مطالبہ کرتاہے۔ پاکستان نےاو آئی سی کے فورم پر ہی جموں و کشمیرکے تنازع کی بات کی ہے۔