نیویارک (عظیم ایم میاں) وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال پاک امریکا اسٹرٹیجک مذاکرات کیلئے ماحول خوشگوار نظر آتا ہے، ہم اس مرتبہ امریکا سے ترقی کے اصل ہتھیار یعنی امریکی یونیورسٹیز میں زیادہ سے زیادہ رسائی اور تعاون مانگیں گے ، ہم ہر سال دس ہزار پی ایچ ڈیز پیدا کرنا چاہتے ہیں اور 2025 ء تک پاکستان کو دنیا کی 25بڑی معیشتوں میں شامل کرنا چاہتے ہیں ، بعض پاکستانی اپنے وطن کی منفی تصویر پیش کررہے ہیں ، تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے مسلم لیگ ن کے اجتماع سے نیویارک میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف اور شوکت عزیز کے دور میں اربوں ڈالرز آئے مگر توانائی کے شعبے میں کوئی ترقی نہیں ہوئی، ہم توانائی کے بحران کو ختم کرنے کیلئے کام کررہے ہیں، لوڈشیڈنگ کے اوقات میں کمی آئی ہے۔ مغربی میڈیا پاکستان کے بارے میں اب مثبت رائے اور ترقی کی نشاندہی کررہا ہے مگر ہمارے بعض پاکستانی ہی اپنے وطن کی منفی تصویر پیش کررہے ہیں، ہم اپنی سیاسی جانبداری کی سزا پاکستان کو دے رہے ہیں، منفی سوچ ختم کرکے مثبت پہلو دیکھنےکی ضرورت ہے۔ انتشار کے شہر کراچی میں اب امن بحال ہورہا ہے، امن کے سائے پھیل رہے ہیں، ہم پاک امریکا اسٹریٹجک ڈائیلاگ میں امریکا سے تعلیمی میدان میں مزید تعاون مانگ رہے ہیں تاکہ فروغ تعلیم اور ترقی کے اثرات حاصل ہوں۔ انہوں نے سابق صدر آصف زرداری کی امریکا میں موجودگی اور وزیراعظم نواز شریف کی نیوکلیئر سمٹ واشنگٹن میں شرکت کیلئے آمد کے حوالے سے دونوں کے درمیان کسی متوقع ملاقات کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے اپنی تقریر میں میثاق جمہوریت اور سیاسی استحکام کی خاطر مسلم لیگ ن کے رول کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے زرداری حکومت کے دور میں ’’فرینڈلی اپوزیشن‘‘ نہیں بلکہ ’’ذمہ داری اپوزیشن‘‘ کا رول ادا کیا ہے۔ زرداری حکومت نے پانچ سال مکمل کئے، اب ہماری حکومت پانچ سال کا مینڈیٹ پورا کررہی ہے، اگر تیسرا پانچ سالہ جمہوری عمل بھی مکمل ہوگیا تو تصادم کی بجائے تعاون کی سیاست کا ماحول مضبوط ہوجائے گا۔ انہوں نے امریکا میں آباد پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ امریکی انتخابات میں سرگرم ہوکر حصہ لیں، آگے بڑھ کر ووٹ رجسٹر کرائیں اور اپنی شناخت اور اہمیت پیدا کریں۔ وفاقی وزیرنے مزید کہا کہ پاکستانیوںکو چاہئے کہ وہ اپنے اردگرد ونواح میں ضروررت مند امریکیوں کی مدد اور دیکھ بھال کرکے اپنی مثبت شناخت پیدا کریں۔ اجتماع میں موجود امریکی پولیس اور حساس اداروں میں کام کرنے والے پاکستانی نژاد افسروں کی نئی تنظیم ’’پاکستانی۔امریکن لاء انفورسمنٹ سوسائٹی‘‘ کے قیام اور وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے اسے پاکستانی شناخت کا ایک بہتر نمونہ قرار دیا۔ خطاب کے بعد وفاقی وزیر نے صحافیوں سے سوال و جواب اور تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور پیر سے واشنگٹن میں ہونے والے پاک امریکا اسٹرٹیجک مذاکرات کیلئے روانہ ہوگئے۔ وفاقی وزیر خارجہ سرتاج عزیز پاکستانی ٹیم کی قیادت کررہے ہیں۔