اسلام آباد (نمائندہ جنگ) ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے بیرون ملک جو الفاظ استعمال کئےاورجب تک کوئی اقتصادی پلان نہ ہوتو صرف بھیک ہی ملتی ہے، حکومت کو بھاگنے نہیں دینگے،انتخابی معاملات کیلئے قائم پارلیمانی کمیٹی کااجلاس روزانہ بلایاجائے۔ میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کو چین کے دورہ پر کنٹینر والی تقریر کسی صورت نہیں کرنی چاہئےتھی ، اس سے ملک و قوم کا وقار مجروح ہوا ، ناتجربہ کار افراد کو جب زبردستی اقتدار دیا جائے گا تو اس طرح کے مایوس کن نتایج برآمد ہونگے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمانی تاریخ میں پہلی بار حکومت کی جانب سے کورم کی نشاندہی پر اجلاس ملتوی کیا گیادراصل موجودہ حکومت نے اڑھائی ماہ میں سب برا ہی کیا ہے جس کا اْنکے پاس کوئی جواب نہیں اسلئے راہ فرار اختیار کی جا رہی ہے ۔