کراچی (اسٹاف رپورٹر) مالی مشکلات کا شکار پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے پاکستان کر کٹ بورڈ سے مالی تعاون کی درخواست کر دی ہے۔ جنگ کو ملنے والی اطلاع کے مطابق پی ایچ ایف کے صدر بریگڈیئر ( ر) خالد کھوکھر نے پی سی بی کے ایک اہم عہدے دار سے رابطہ کرکے خطیر رقم قرض مانگی اور کہا ہے کہ پی ایچ ایف کو ملنے والی گرانٹ کے بعد اسے واپس کردیا جائے گا۔ دوسری جانب میگا ایونٹ کیلئے قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ منگل سے لاہور میں شروع ہوگیا۔ شفقت رسول کے سوا تمام کھلاڑیوں نے کیمپ کمانڈنٹ حسن سردار کو رپورٹ کردی۔ ان کی 8 نومبر کوآمد متوقع ہے۔ ادھر پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ورلڈ کپ کے لئے ٹیم انتظامیہ کا اعلان کردیا ہے۔ حسن سردار ٹیم منیجر، توقیر احمد ڈار ہیڈ کوچ جبکہ ریحان بٹ اور محمد دانش کلیم کوچز ہوں گے، عالمی کپ 28 نومبرسے 16 دسمبر سے بھارت میں کھیلا جائے گا۔