کرینہ کپور نے ایک مشہور فیشن میگزین کے ٹائٹل صفحے کے لیے دلکش ادائوں والا شو ٹ کروایا، جو فلم نگری میں نہ صرف زبان زد خاص وعام ہوا بلکہ اس نے نئی ہیروئنز کو بھی حیرت میں مبتلا کردیا۔ کرینہ کے تازہ ترین فوٹو شوٹ نے سب کو یہی باور کروایاکہـ"Kareena is back" یعنی کرینہ ایک بار پھر انڈسٹری میں اپنے جلوے بکھیرنے واپس آگئی ہے۔
دوسری جانب کرینہ کپور آج کل میڈیا پر بہت برہم ہیں، جو ان کے بیٹے کے ایسے پیچھے پڑا ہے، جیسے وہ کوئی میگا اسٹا رہو۔ کوئی دن ایسا نہیں گزرتا جب تیمو ر کی تصویر سامنے نہ آرہی ہو۔ کرینہ اسے اپنی ذاتی زندگی میں مداخلت گردانتے ہوئے کئی بار غصے کا اظہار بھی کر چکی ہیں۔
چار سہیلیوں کی دوستی پر بنائی گئی کرینہ کی فلم ’’ ویرے دی ویڈنگ‘‘ منفرد کہانی کے ساتھ ساتھ فیشن اور اسٹائل کی وجہ سے دنیا بھر میں 100کروڑ روپے سے زائد کا بزنس حاصل کرکے خاصی مقبول رہی، جس کی ایک وجہ خود کرینہ کپور بھی تھیں، جو اس فلم کی تیاری کے دوران ماں بننے کے مرحلے سے بھی گزریں۔ فلم ’ویرے دی ویڈنگ‘ کی مقبولیت کے بعد فلمسازوں نے فلم کا سیکوئل بنانے پر غور شروع کردیا ہے، جس میں سونم کپور اور سوارہ بھاسکر کو برقرار رکھا جائے گا جبکہ کرینہ کپور کو فلم کے سیکوئل کا حصہ بنانے کے لئے ملاقاتیں جاری ہیں۔
معروف اداکارہ اور چھوٹے نواب سیف علی خان کی اہلیہ کرینہ کپور نےماں بننے کے بعد 12کلو وزن کم کیا تھا۔ ہر ماںبننے والی عورت کی طرح وہ بھی ضرورت سے زیادہ موٹی ہو گئی تھیں اور ان کا وزن تقریباً 18کلو بڑھ گیا تھا۔ چلبلی اداکارہ کرینہ کپور خان گذشتہ سال دسمبر میں ننھے تیمور علی خان کی پیدائش کے بعد اپنے بڑھتے ہوئے وزن سے کافی پریشان تھیں، لیکن انہوں نے سخت محنت اور ورزش کے ذریعے اپناوزن کم کیا۔ دسمبر میں ماں بننے کے بعد سے ہی انھوں نے جسمانی طور پرپرانی وضع قطع میں واپس آنے کے لئے کافی محنت کی ہے۔ تیمور علی خان کی پیدائش کے بعد کترینہ ابتدا میں یوگا اور ہلکی پھلکی ورزش کیا کرتی تھیں لیکن بعد میں انھوں نے اپنے معمولات میں ہیوی ایکسرسائز کو بھی شامل کر لیاتھا ۔
کرینہ کپور ہمیشہ سے فٹنس پر بہت دھیان دیتی آئی ہیں،یہی وجہ ہے کہ وہ اپنا وزن کم کرنے میں کامیاب رہیں، تاہم اس میں ڈیڑھ برس کا وقت لگا اور یہ سب انھوں نے فلموں کے لیے نہیں بلکہ اپنے لیے کیا۔ جہاں تک جسمانی وزن میں کمی لانے کی بات ہے تو کرینہ اس بارےمیں کہتی ہیں کہ ' انہیں دوپہر اور رات کے کھانے میں اگر کریلا دیا جائے ، تب بھی وہ اس سے خوش رہیں گی۔ کرینہ کپور خان نے اپنے بیٹے کی پیدائش کے بعد جسمانی وزن میں کمی لانے کا راز بتایا ہے۔
دیسی گھی کا استعمال
ایک فیس بک لائیو چیٹ کے دوران معروف سیلیبرٹی نیوٹریشن رجوتا دیواکر کے ساتھ کرینہ نے دیسی گھی کے استعمال کو جسمانی وزن کے لیے فائدہ مند قرار دیا۔ انہوں نے گھی کا استعمال حمل سے پہلے، دوران اور بعد میں جاری رکھا اور ان کے مطابق یہ نہ صرف بچے کی صحت کے لیے فائدہ مند ہے بلکہ جسمانی وزن میں کمی میں مدد بھی دیتا ہے۔ گھی جراثیم کش، جوڑوں کیلئے بہتر، جِلد کی جگمگاہٹ اور جسمانی وزن میں کمی کے لیے صحت مند چربی سے بھرپور ہوتا ہے۔
کثرت سے ورزش کرنا
سوشل میڈیا سائٹس جیسے انسٹاگرام ایسی تصاویر سے بھرا ہوا ہے، جس میں کرینہ کپور جم کا رُخ کررہی ہوتی ہیں۔کرینہ کے مطابق اگر ورزش کو معمول بنالیا جائے تو اضافی جسمانی وزن سے نجات حاصل کرنا کوئی مسئلہ نہیں ہوتا کیونکہ یہ عادت میٹابولزم کو متحرک رکھتی ہے۔
ڈائٹنگ نہ کریں
کرینہ کپور راتوں رات وزن کم نہیں کرنا چاہتی تھیں، اس لیے انہوں نے اپنے وزن کو معمول پر لانے کے لیے ایک سال کا عرصہ لگایا۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈائٹنگ سے عارضی طور پر نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں مگر اس سے صحت ہمیشہ کے لیے متاثر ہوتی ہے۔
طریقہ کار پر عمل کرنا
کرینہ کپور کے مطابق جسمانی وزن میں کمی کے لیے طے کردہ طریقہ کار پر جمے رہنا ہی بہتر ہوتا ہے۔ اگر ایسا نہ ہو تو جسمانی وزن میں کمی لانا ممکن نہیں ہوتا۔
جنک فوڈ سے پرہیز
کرینہ کپور وقت پر کھانا کھانے کی تلقین کرتی ہیں اور جنک فوڈ کی سخت مخالف ہیں۔ ان کے مطابق کھانے کا کوئی وقت مقرر نہ ہونا صحت کے لیے نقصان دہ ہے کیونکہ یہ کھانے کی خواہش کو بڑھاتا ہے، جس سے جسمانی وزن میں کمی کا خواب پورا نہیں ہوپاتا۔ اپنے طے کردہ کھانوں تک محدود رہنا، وقت پر کھانا اور جنک فوڈ سے دوری موٹاپے سے نجات حاصل کرنے کا سب سے آسان نسخہ ہے۔