• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بریگزٹ پر ایک اور ریفرنڈم کرایا جانا چاہیے، جو جانسن

لندن (پی اے) تھریسا مے کابینہ کے سابق ممبر جو جانسن نے کہا ہے کہ بریگزٹ پر ایک اور ریفرنڈم کرایا جانا چاہئے۔ ان کا کہنا ہے کہ برطانیہ کو بریگزٹ پر ناقابل یقین حد تک بے وقوفانہ اقدام کرنے سے قبل توقف اور کچھ نمایاں کرنے کی ضرورت ہے۔ جو جانسن نے گزشتہ روز ٹرانسپورٹ منسٹر کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ بی بی سی ریڈیو فور کے پروگرام ٹو ڈے میں گفتگو کرتے ہوئے جو جانسن نے بریگزٹ پر ایک اور ریفرنڈم کرانے کا مطالبہ کیا۔ 2016 کے بریگزٹ ریفرنڈم میں انہوں نے برطانیہ کے یورپی یونین کا حصہ رہنے کے حق میں ووٹ دیا تھا۔ سابق ٹرانسپورٹ منسٹر نے کہا کہ وزارت سے میرا استعفیٰ وزیراعظم کے خلاف بغاوت نہیں ہے۔ ہمیں جوکچھ آفر کیا جارہا ہے، وہ وعدوں سے کہیں کم ہے۔ انہوں نے کیبنٹ منسٹرز کو پیش کردہ برسلز کے ساتھ ممکنہ ڈیل پر استعفیٰ دیا۔ انہوں نے کہا کہ بریگزٹ پر ایک اور ریفرنڈم نہ ہوا تو یہ جمہوری تباہی اور بگاڑ ہوگا۔ جو جانسن نے متنبہ کیا کہ تھریسا مے کی تجاویز کے تحت برطانیہ کو غلامی اور یورپی یونین کے ساتھ کسی ڈیل کے بغیر بریگزٹ پر افراتفری میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔ جو جانسن نے کہا کہ میں نے خوشی کے ساتھ اپنا منسٹریل کیریئر ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس سوال پر کہ کیا ان کےخیال میں دیگر وزراء بھی مستعفی ہوں گے، انہوں نے کہا کہ اگر وہ یہ سمجھیں گے کہ ان کے لئے درست چیز ہے تو وہ اپنے لئے اچھا فیصلہ کریں گے۔

تازہ ترین