• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اختلافات یا اختیارات کی جنگ،گورنر کو کنٹرول کریں،یہ وزیر اعلیٰ کو نہیں چلنے دیں گے،اسپیکر پنجاب،وفاقی وزیر کی ترین سے شکایت

لاہور (نمائندہ جنگ، ایجنسیاں ) اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کی ملاقات کی ویڈیو فوٹیج سامنے آگئی جس میں گورنر پنجاب چوہدری سرورکو کنٹرول کرنے کی بات کی گئی ہے۔ پرویز الٰہی نے پریس کانفرنس کرتے کہا کہ کسی کو گلہ ہوتا ہے تو بات کرتا ہے، گلے دور نہ ہوں تو غصہ سیکرٹ بیلٹ پر نکلتا ہے، کسی بھی پارٹی کے داخلی اجلاس کی وڈیو آئے گی تو اسی قسم کی ہوگی۔ معاملے پر چوہدری سرور نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔ جبکہ فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں طاقت کا واحد مرکز عثمان بزدار ہیں۔ معاملے کی ویڈیو ٹیپ وزیر اعظم کو بھجوادی گئی ہے۔ وزیر اعظم نے معاملہ کا نوٹس لیا ہے جسکے بعد اتحادیوں کا فوری اجلاس بلانے کاامکان ہے۔تفصیلات کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کی ملاقات کی ویڈیو فوٹیج سامنے آگئی جس میں گورنر پنجاب چوہدری سرورکو کنٹرول کرنے کی بات کی گئی ہے۔ اس ملاقات میں وفاقی وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ اور صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر بھی موجود تھے۔ چوہدری پرویز الٰہی نے جہانگیر ترین سے کہا کہ ’’یار، اس سرور نوں کنٹرول کرو‘‘ جس پر طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ اس نے آپکے چیف منسٹر کو چلنے نہیں دینا۔یہ ملاقات اسپیکر پنجاب اسمبلی سے جہانگیر خان ترین نےانکی رہائش گاہ پر کی جس میں موجوددہ ملکی سیاسی صورتحال اور سینیٹ میں پنجاب کی دو سیٹوں پر الیکشن کے حوالے سے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترین سے یہ شکایت اختلافات یا اختیارات کی جنگ کی طرف اشارہ کرتے ہیں جس پر بعد ازاں پرویزا لٰہی کو ہنگامی پریس کانفرنس جبکہ چوہدری سرور کو ٹویٹر پیغام دینا پڑا۔اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ اگر ہم اپنے گھر میں بیٹھ کر بات نہیں کرینگے تو پارٹی کیسے چلے گی؟پارٹی میٹنگ میں یہی ہوتا ہے، اگر کسی کو گلہ شکوہ ہوتا ہے تو وہ بات کرتا ہے، پھر بھی گلے دور نہ ہوں تو غصہ سیکرٹ بیلٹ پر نکلتا ہے۔ـچوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ طارق بشیر چیمہ کو گلہ ہے کہ انکے حلقے میں مداخلت ہوتی ہے۔ اگر ہمارا رکن ہم سے بات نہیں کریگا تو اسکے مسائل کیسے حل کرینگے؟ جائز گلے ہوتے ہیں تو وہ دور بھی کئے جاتے ہیں، گلے دور نہ ہوں تو پھر غصہ سیکرٹ بیلٹ پر نکلتا ہے۔ انہوں نے گورنر پنجاب کی جہانگیر ترین سے شکایت لگانے والے وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کے بارے میں کہا کہ وہ کھرے آدمی ہیں،کوئی بات دل میں نہیں رکھتے۔ اسپیکرنے کہا کہ گورنر پنجاب چوہدری سرور سے ہمارے بہت اچھے تعلقات ہیں، جو آگے بھی جاری رہیں گے۔چوہدری پرویز الٰہی نے اس بات کو درست مانا کہ جہانگیر ترین کے بجائے یہ بات عمران خان سے کی جانی چاہیے تھی لیکن ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ جو پہلے ہاتھ آگیا پہلے اس سے بات کرلی۔ چوہدری سرور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مکمل طور پر با اختیار ہیں، وہ عمران خان کے ویژن پر عمل پیرا ہیں اور ہم انکے ساتھ ہیں۔ عثمان بزدار پنجاب میں تبدیلی کیلئےجدوجہد کر رہے ہیں۔یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ گورنر پنجاب نےویڈیومیں سنی جا سکنے والی گفتگو پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے اور ویڈیو وزیر اعظم کو بھجوا دی ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت فیاض الحسن چوہان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں طاقت کا واحد قانونی اور آئینی مرکز وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار ہیں، اس میں کوئی ابہام نہیں ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب انتہائی طاقتور اور با اختیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شبہ نہیں ہے کہ گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور، سینئر وزیر عبدالعلیم خان اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کا اپنا اپنا دائرہ اختیار ہے اور کوئی ایک دوسرے کے اختیار کو چیلنج نہیں کرتا۔ ایک سوال کے جواب میں فیاض الحسن چوہان نےکہا کہ سردار عثمان بزدار جیسا نرم گفتار اور شریف النفس وزیر اعلیٰ ہمارے مخالفین کو ہضم نہیں ہو رہا۔دوسری طرف وزیر اعظم نے جہانگیر ترین، پرویز الٰہی اور طارق چیمہ کی وزیر اعلیٰ عثمان بزدار اور گورنر چوہدری سرور کے متعلق گفتگو کی ویڈیو لیک ہونے کے معاملے کا نوٹس لے لیا۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی جانب سے اس معاملے پر گفتگو کیلئے فوری طور پراتحادی جماعتوں کا اجلاس بلائے جانے کا امکان ہے۔

تازہ ترین