• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’حکومت کو مہلت دینا جعلی الیکشن قبول کرنے جیسا ہے‘

جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں موجودہ حکومت کو مہلت دینے کے حق میں ہیں لیکن حکومت کو مہلت دینا جعلی الیکشن کو قبول کرنے کے مترادف ہے۔

پشاور میں علماء کونشن سے خطاب میں مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ ملک کو سیکولر اسٹیٹ بنانے کی کوشش کی صورت میں میدان میں نکلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا لیڈر باہر کا تیار کردہ مہرہ ہے،ہماری بڑی پارٹیاں کہتی ہیں کہ انہیں مہلت دی جائے،وقت دینا جعلی الیکشن کو قبول کرنے جیسا ہے۔

جے یو آئی سربراہ نے یہ بھی کہا کہ جب ذولفقار علی بھٹو کو پھانسی پر چڑھایا گیا تو کیا پیپلز پارٹی نے عدالتی فیصلہ قبول کیا؟کیا نوازشریف کی سزا کا فیصلہ مسلم لیگ ن نے قبول کیا ؟

ان کا کہنا تھا کہ جس طرح پی پی اور ن لیگ کی قیادت نے عدالتی فیصلے قبول نہیں کئے اسی طرح ہمیں بھی توہین رسالت کی مرتکب خاتون کی رہائی کا فیصلہ قبول نہیں۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ شمع رسالت کے پروانے میدان میں نکلے ہیں،اسٹبلیشمنٹ 70 سال سے مذہبی جماعتوں کا راستہ روک رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مدارس کی جنگ علماء نے لڑنی ہے،حکومت اپنی حدود میں رہے، ورنہ جیل بھرو تحریک شروع کریں گے۔

انہوں نے لاہور میں ناموس رسالت کے لئے ملین مارچ کا اعلان کیا۔

تازہ ترین