• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اشتہارات سے حکومتی اجارہ داری ختم کر رہے ہیں، گزشتہ دورمیں مختلف شہروں میںاس کے ریٹ میںزمین وآسمان کا فرق تھا، وزیراطلاعات

لاہور(اے پی پی )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اشتہارات سے حکومتی اجارہ داری ختم کر رہے ہیں تاکہ آزادی صحافت میں رکاوٹ نہ ہو‘ گزشتہ دور میں مختلف شہروں میں حکومتی اشتہارات کے ریٹ میں زمین آسمان کا فرق تھا۔ لاہور میں جو اشتہار 70ہزار روپے میں دیاجا رہا تھا وہی اشتہار راجن پور میں 2400روپے میں تھا‘روایتی میڈیا ڈیجٹل میڈیا میں تبدیل ہو رہا ہے ‘یورپ کے اخبارات کی اپنی پالیسیاں ہیں جبکہ ہماری پالیسیاںاپنی ہونی چاہئے ‘ میڈیا کی ترقی سرکاری میڈیا کو فعال بنانا اور ورکروں کے تحفظ کو یقینی بنانا حکومتی ایجنڈے میں شامل ہیں‘ میڈیا پرسنسرشپ نہیں ہونی چاہئے تاہم میڈیا کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے ‘ میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی لے کر آ رہے ہیں تاکہ مالکان اور ورکروں کو ایک ہی جگہ انصاف مل سکے ‘ فوج واحد ادارہ ہے جس نے اپنی ساکھ کو بحال رکھا ہوا ہے جبکہ سول اداروں کا بیڑہ غرق ہو چکا ہے‘ جن کو ٹھیک کرنے میں وقت لگے گا‘ وزیر اعظم عمران خان کھلے دل کے آدمی ہیںاپوزیشن کی بے جا تنقید ان کیلئے کوئی مسئلہ نہیں‘لاہور میں بہت عرصہ گذارا یہی سے سیاست سیکھی اور یہی سے محلاتی سازشوں کا پتہ چلا۔ وہ اتوار کی شام لاہور کالج فار وویمن یونیورسٹی میں اخبار لاہور کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا ہم نے ریاستی اداروں سے سنسر شپ ختم کی اور اس وقت پاکستان ٹیلی ویژن پر حکومت سے زیادہ اپوزیشن کو وقت دیا جا رہے ہے۔ اے پی این ایس اور سی پی این ای اس پر کام کر رہے ہیں کہ اداروں کو اشتہارات کس طرح دیئے جائیں ۔ کوئی ملک 41ارب روپے کے اشتہارات کیسے دے سکتا ہے یہ پچھلی حکومت ہی بتا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری وزارت میں جتنے محکمے آتے ہیں ان میں اگر میں اپنے حلقہ کے لوگوں کو بھرتی کرنا شروع کر دوں تو آئندہ 10سال تک کوئی نہیں ہرا سکتا لیکن ادارے تباہ ہو جائیں گے ۔امریکہ کا ایجنڈا ہے کہ اس نے چین کے خلاف لکھنا ہے جبکہ ہمیں ان کی تقلید نہیں کرنی چاہئے اور ایسا تاثر نہیں دینا چاہئے کہ وزیر اعظم عمران خان خدانخواستہ سی پیک کے خلاف ہیں ۔
تازہ ترین