• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبائی کابینہ میں توسیع اور نئے وزرا کے انتخاب کیلئے فہرست وزیراعظم عمران خان کو ارسال

پشاور(سٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی کابینہ میں توسیع اور نئے وزرا کے انتخاب کیلئے فہرست وزیراعظم عمران خان کو ارسال کی ہے ، وفاقی وزرا یا مرکز میں حکومتی عہدہ رکھنے والوں کے رشتہ داروں کو صوبائی کابینہ میں شامل نہیں کیا جائیگا، وزیر اعظم کیساتھ ملاقات میں نئے وزرا کے انتخاب کیلئے ابتدائی مشاورت مکمل کرلی ہے اگلی ملاقات میں ناموں کا اعلان کیا جائیگا ، پشاور میٹرو منصوبہ(بی آر ٹی) 14نومبر کو ایکنک اجلاس میں پیش کیا جائیگا تاکہ نظرثانی شدہ پی سی ون منظور ہوسکے، پولیو کیخلاف مہم کامیاب بنانے کیلئے قانون سازی کررہے ہیں، آج ہم پولیو فری پاکستان کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں، 2014میں پولیو کے 68کیسز رپورٹ ہوئے تھے، موجودہ حکومت کی کوششوں سے اب صرف ایک پولیو کیس پشاور میں سامنے آیا ہے جو کہ ہزار خوانی یونین کونسل سے رپورٹ ہوا ہےلیکن ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور پورے ملک کو پولیو فری بنائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی فضل الہیٰ کے حجرے میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے انسداد پولیو مہم اور علاقہ ہزار خوانی میں ریسکیو 1122 سب آفس کا افتتاح بھی کیا، وزیراعلیٰ محمود خان نے کہاکہ 2وزیروں اور3 مشیروں کے انتخاب کیلئے متعدد ارکان پر مبنی فہرست وزیر اعظم کو ارسال کی ہے جبکہ اس ضمن میں انہوں نے عمران خان کیساتھ ملاقات میں ابتدائی مشاورت بھی مکمل کی ہے تاہم دوسری ملاقات میں نام فائنل کرکے باضابطہ اعلان کیا جائیگا ، انہوں نے کہاکہ عمران خان کیساتھ ملاقات میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ وفاق میں جن ارکان کو حکومتی عہدے ملے ہیں ان کے رشتہ داروں کو صوبائی کابینہ میں شامل نہیں کیا جائیگا ، انہوں نے کہاکہ ایکنک نے پشاور میٹرو منصوبہ کی 49ارب روپے لاگت کی منظوری دی ہے 14نومبر کو ایکنک اجلاس میں منصوبہ کی نظرثانی شدہ 69ارب روپے لاگت کی منظوری لی جائیگی جس کیلئے کیس تیار کرلیا گیا ہے، وزیراعلیٰ نے کہاکہ فاٹا انضمام کے حوالے سے ایک ماہ میں وہاں کے محکمے صوبہ کے کنٹرول میں آجائیں گے ، محمود خان نے کہاکہ جب خیبر پختونخوا اور قبائلی علاقوں میں بچے پولیو کی وجہ سے جسمانی معذوری کا شکار ہوئے تو بحیثیت قوم پولیو کا خاتمہ ہمارے لئے ایک چیلنج بن چکا تھا، صوبائی حکومت نے اس موذی مرض کے خاتمے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر جدوجہد کا فیصلہ کیا جسکے نتیجے میں ہماری سابقہ صوبائی حکومت نے پولیو کے خاتمے کیلئے مؤثر اقدامات اٹھائے، صوبائی سطح پر ای سی او ایمرجنسی آپریشن سنٹر کا اہتمام کیا گیا اور اب ہم ایک نئے ولولے اور جذبے سے اس مرض کا مقابلہ کرنے نکلے ہیں، گو کہ ہمارے دشمن نفسیاتی طور پر ہمارے سامنے رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں، قوموں پر قدرتی آفات آتی ہیں لیکن بہادر قومیں ان کا مقابلہ کرتی ہیں اور پاکستانی قوم ایک بہادر قوم ہے،وزیراعظم عمران خان قوم کو مسائل کی دلدل سے نکالیں گے، صوبائی حکومت پولیو سمیت تمام مہلک بیماریوں سے عوام کو محفوظ بنانے کیلئے کوشاں ہے،صوبے کے ہسپتالوں میں جان لیوا امراض کے علاج کی مفت سہولت فراہم کی جا رہی ہے، اس کیساتھ حفاظتی تدابیر کے حوالے سے عوامی آگاہی مہم کا سلسلہ بھی شروع ہے، ہم خیبر پختونخوا کو پولیو فری بنانے کے ہدف کے قریب ہیں، ہم ملکی سطح پر بھی پولیو کے مکمل خاتمے کی اس جنگ میں اپنا بھرپور تعاون جاری رکھیں گے، وزیر اعلیٰ نے علاقہ کے عمائدین کا اس آگاہی مہم پر شکریہ ادا کیا۔ انسداد پولیومہم کے افتتاح کے موقع پر وزیر اعلیٰ نے بچوں کو قطرے بھی پلائے۔
تازہ ترین