• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلم ریسورس سینٹر کے انتخابات مکمل،ووٹرز کی بھرپور شرکت

کوونٹری (نامہ نگار) مسلم ریسورس سینٹر کے انتخابات مکمل ہوگئے، منہاس گروپ کو خواتین کی سیٹوں پر برتری ملی جب کہ کشمیری گروپ کی طرف سے الیاس دین گروپ سبقت لے گیا۔ انتخابی عمل صبح10بجے سے شام5بجے تک جاری رہا۔ پولیس کی طرف سے دی گئی سیکورٹی اور برٹش سٹاف کی نگرانی میں ہونے والے مسلم ریسورس سینٹر کے انتخابات شفاف ہوئے، معمولی شکایات کو چیئرمین محمد یونس منہاس اور راجہ اشفاق شاکی نے باہمی رضامندی سے حل کرلیا۔ ووٹرز کی جانب سے غیر معمولی دلچسپی کا مظاہرہ کیا گیا۔ پاکستانیوں اور کشمیریوں نے سخت سردی میں مسلم ریسورس سینٹر کے گرائونڈ میں چائے، سموسوں، حلوہ کا انتظام کر رکھا تھا جسے ووٹرز کی آمد پر پیش کیا جاتا۔ عام ووٹرز نے کمیونٹی انتخابات کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ ایسے انتخابات سے کمیونٹی کو آگے بڑھنے اور ترقی کرنے کا موقع ملتا ہے۔ شام5بجے ووٹنگ ہال کے دروازے بند کر دیئے گئے بعدازاں گنتی کا سلسلہ شروع ہوا۔ برٹش سٹاف، مقامی کونسلرز، چوہدری پرویز، کوونٹری سٹی کونسل کے ڈپٹی لیڈر عبدالسلام، عامر چوہدری اور وقار ملک نے گنتی میں معاونت کی۔ شعبہ خواتین سے3خواتین اور پاکستان گروپ سے اصغر نمبل ،چوہدری احمد علی ،غلام بشیر کامیاب ہوگئے جب کہ کشمیری گروپ سے راجہ اشفاق، چوہدری الیاس دین اور اجمل حسین کامیاب ہوئے۔ امیدوار کامیابی کی خبر سنتے ہی مٹھائی تقسیم کررہے تھے۔ الیاس دین گروپ نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور ان کے ساتھی سیاست سے بالاتر ہو کر عوام کی خدمت کریں گے۔ راجہ اشفاق نے کہا کہ جن افراد نے ووٹ دیا ان کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔ راجہ اصغرنمبل، چوہدری احمد علی، چوہدری یونس منہاس نے کہا کہ ہمارا کردار عوام کے سامنے کھلی کتاب ہے۔ ہمیشہ خدمت کی ہے یہی وجہ ہے کہ عوام نے اعتماد کیا۔ کمیونٹی نے اس موقع پر جیتنے والے تمام افراد کو مبارک باد دی۔
تازہ ترین