• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

”ڈونکی کنگ “،غیر قانونی ڈی وی ڈیز کیخلاف کریک ڈاؤن،2گرفتار

کراچی (محمد ناصر ) کراچی میں ”جیوفلمز“ کی اینی میٹڈ مووی ”ڈونکی کنگ“ کی ڈی وی ڈیز کا غیرقانونی کاروبار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران 2افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا اور اُن کے قبضے سے درجنوں غیرقانونی ڈی وی ڈیز بھی برآمد کرلی گئی ہیں۔سابق وزیر اطلاعات جاوید جبار نے کہا ہے کہ پہلی بار سیاسی و سماجی موضوع پر شاندار فلم بنائی گئی، ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ دوسری طرف جعلی ڈی وی ڈیز کا کاروبار کرنے والوں نے اس فلم کی غیرقانونی ڈی وی ڈیز تیار کرکے اپنی جیبیں بھرنے کا سوچا ۔ ڈونکی کنگ کی جعلی ڈی وی ڈیز شہر کے مختلف علاقوں میں فروخت کی جارہی تھیں ، پولیس نے کلفٹن اور صدر میں رینبو سینٹر پر چھاپہ مار کر درجنوں ڈی وی ڈیز برآمد کرلیں اور دو افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا ۔ کلفٹن میں واقع ایک شاپ پر چھاپے کے بعد دکاندار نے بتایا کہ اسے یہ ڈی وی ڈیز رینبو سینٹر سے فراہم کی جارہی ہیں جس پر پولیس نے دکاندار کو رینبو سینٹر فون کرکے مزید ڈی وی ڈیز منگوانے کیلئے کہا جو تھوڑی ہی دیر میں پہنچا دی گئیں ، ڈی وی ڈیز لانے والے شخص کو حراست میں لے لیا گیا ۔ اس کے بعد پولیس نے رینبو سینٹر میں بھی چھاپہ مارا جہاں ایک دکان پر بڑی تعداد میں ڈونکی کنگ کی جعلی ڈی وی ڈیز موجود تھیں۔ پولیس نے اُس دُکان کے مالک کو بھی حراست میں لے لیا ۔ یاد رہے کہ ڈونکی کنگ جیو فلمز کی ملکیت ہے اور اس کی ڈی وی ڈیز کی فروخت غیرقانونی ہے۔ سابق وزیر اطلاعات اور فلم ساز جاوید جبار نے بھی کراچی کے مقامی سنیما میں یہ فلم دیکھی۔ فلم دیکھنے کے بعد اُن کا کہنا تھا کہ ڈونکی کنگ بہت دلچسپ فلم ہے، اچھے موضوع پر مزاحیہ اور تعمیری انداز میں یہ فلم بنائی گئی ہے۔ پہلی بار سیاسی سماجی موضوع پر فلم بنائی گئی ہے۔ یہ فلم تصور کو حقیقت کے قریب لانے کا سبق دیتی ہے۔ فلم کی ساری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ علاوہ ازیں پاکستان کی سب سے بڑی اور جیو کی پہلی اینی میٹڈ فلم ”دی ڈونکی کنگ“ ابھی سنیما گھروں میں انتہائی کامیابی کے ساتھ ہاؤس فُل چل رہی ہے جس نے صرف پانچ ہفتوں میں بچوں اور بڑوں کا پیار سمیٹتے ہوئے ساڑھے 18 کروڑ کا شاندار بزنس اپنے نام کرلیا ہے۔ پیر کے روز بھی ملک بھر کے مختلف اسکولوں کے بچوں نے ڈونکی کنگ کا خصوصی شو دیکھا اور صبح سے ہی سنیما ہاؤس فُل رہے۔
تازہ ترین