• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حزب اختلاف کے شور کا مقصد کچھ چیزوں کو دبانا ہے، عامر محمود کیانی

کراچی (ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے شور کا مقصد کچھ چیزوں کو دبانا ہے ،پارلیمنٹ میں اپوزیشن اور حکومت دونوں اطراف سے گولہ باری ہوتی ہے، حالات بہتر کرنے کیلئے سیاسی جماعتوں کو مشترکہ کوشش کرنی چاہئے، علیمہ خان سیاسی لیڈر نہیں صرف عمران خان کی بہن ہیں، صدر مملکت کی کوشش ہوتی ہے کہ پروٹوکول کی وجہ سے راستے بند نہ ہوں۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما میاں جاوید لطیف اور پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر قرۃ العین مری بھی شریک تھیں۔قرۃ العین مری نے کہا کہ پارلیمنٹ میں خراب حالات میں اپوزیشن کی غلطی نہیں ہے، فواد چوہدری کو ایجنڈا دیا جاتا ہے اور وہ آکر بولنا شروع کردیتے ہیں،ایس پی طاہر داوڑ سے متعلق معاملہ مبہم ہے حکومت کچھ بتا نہیں رہی ہے،پورٹ قاسم کے مزدور کراچی پریس کلب پر احتجاج کررہے ہیں اور علی زیدی کو موٹرسائیکل چلانے سے فرصت نہیں ہے،حکومت دوسروں کے گھر توڑ رہی ہے مگر عمران خان بنی گالہ کے پیسے دینے کیلئے تیار نہیں ہیں۔میاں جاوید لطیف نے کہا کہ اپوزیشن اونچی آواز میں بات کرتی ہے، معاملہ ٹھنڈا کرنا حکومت کا کام ہوتا ہے، فواد چوہدری اور فیاض الحسن چوہان جیسے لوگوں کو کچھ دنوں کیلئے اسمبلی سے باہر رکھا جائے،پی ٹی آئی کے لوگوں کو ملکی و غیرملکی لابی اقتدار میں لائی، ان کی ڈوریاں کبھی ملکی لابی اور کبھی غیرملکی لابی ہلاتی ہے،تحریک انصاف والوں کو جوکام سونپا گیا وہی کررہے ہیں۔عامر محمود کیانی نےکہا کہ معاشرے میں مجموعی طور پر عدم برداشت کا رویہ بڑھتا جارہا ہے، وکلاء احتجاج کیلئے قانونی طریقہ اپنائیں تو بہتر ہوگا، پارلیمنٹ میں اپوزیشن اور حکومت دونوں اطراف سے گولہ باری ہوتی ہے، حالات بہتر کرنے کیلئے سیاسی جماعتوں کو مشترکہ کوشش کرنی چاہئے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی بھی تاریخ کوئی اچھی نہیں ہے، انہوں نے ایک دوسرے کیخلاف بیہودگی کی انتہا تک باتیں کیں، ملک کا برا حال کرنے کے بعد یہ توقع کرتے ہیں کہ ان کے حق میں ترانے گائے جائیں گے، ہم ملک کو ٹھیک کرنے آئے ہیں لیکن حقائق و اعدادو شمار بھی قوم کو بتانے ہیں، یہ اتنے بڑے معیشت دان ہیں کہ سب امیر ترین ہوگئے ہیں۔ عامر محمود کیانی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے شور کا مقصد کچھ چیزوں کو دبانا ہے لیکن انہیں چھوٹ نہیں ملے گی، پوری دنیا کو پتا ہے کس سطح پر یہاں کرپشن ہوئی ہے، یہ اپنی کرپشن پر پردہ ڈالنے کیلئے باتیں کررہے ہیں مگر اب احتساب ہوگا، ہم بھی اگر خاموشی سے بیٹھ جائیں تو ان کو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا،علیمہ خان سیاسی لیڈر نہیں صرف عمران خان کی بہن ہیں، ن لیگ نے نواز شریف کو دوبارہ پارٹی صدر بنانے کیلئے پارلیمنٹ میں قانون بنایا مگر نیب کو ٹھیک کرنے کیلئے کچھ نہیں کیا، آصف زرداری نے انٹرویو میں جعلی بینک اکاؤنٹس پر غریب آدمی کو ہی قصوروار قرار دیا۔عامر محمود کیانی نے کہا کہ صدر مملکت کی کوشش ہوتی ہے کہ پروٹوکول کی وجہ سے راستے بند نہ ہوں، اسلام آباد میں ان کے ساتھ دو تین گاڑیوں سے زیادہ نہیں ہوتی ہیں، صدر مملکت کسی صوبے میں جاتے ہیں تووہ پروٹوکول میں اپنی گاڑیاں لگادیتے ہیں،شاہد آفریدی کو کشمیر پر بیان دیتے ہوئے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے تھا، پی ٹی آئی نے سات آٹھ بلوں کو ری ڈرافٹ کیا ہے جلد پارلیمنٹ میں پیش کریں گے۔قرۃ العین مری نے کہا کہ پارلیمنٹ میں خراب حالات میں اپوزیشن کی غلطی نہیں ہے، موجودہ حکومت نے اپوزیشن میں عدم برداشت کو فروغ دیا ، حکومت دوسروں کے گھر توڑ رہی ہے مگر عمران خان بنی گالہ کے پیسے دینے کیلئے تیار نہیں ہیں، فواد چوہدری کو ایجنڈا دیا جاتا ہے اور وہ آکر بولنا شروع کردیتے ہیں،اپوزیشن حکومت کی کارکردگی پر بات کرے تو فواد چوہدری سینیٹرز کو کہتے ہیں آپ کی حیثیت کیا ہے، کل سینیٹ میں 18میں سے 15بل اپوزیشن نے پیش کیے۔

تازہ ترین