کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے لاپتا افرادکی کی عدم بازیابی سے متعلق پولیس رپورٹس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایس ڈی پی او گلبرگ کو شوکاز نوٹس جاری کردیئے۔ عدالت نے پولیس، رینجرز، سندھ حکومت اور دیگر فریقین سے 9 جنوری 2019 کو پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو نے ریمارکس دیئے پولیس افسران کچھ تو خدا کا خوف کریں، اب عدالت سختی کریگی لاپتہ افراد کے معاملے میں پیش رفت نا ہونے پر پولیس افسران کو جیل بھیجیں گے۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بنچ کے روبرو لاپتا شہریوں کی نایابی سے متعلق سماعت ہوئی۔ لاپتہ افرادکی کی عدم بازیابی سے متعلق پولیس رپورٹس پر عدالت برہم ہوگئی۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے ریمارکس دیئے پولیس رپورٹس سے عوام مایوس ہوچکے ہیں۔ پولیس افسران کچھ تو خدا کا خوف کریں، لاپتہ شہریوں کو جلد بازیاب کرایا جائے۔