• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اربوں لوٹنے والے جسکے بھی عزیز ہوں نہیں چھوڑینگے، چیئرمین نیب

لاہور (نیوزرپورٹر)چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نےلاہور میں تیسرا روز بھی مصروف گزارا ۔ شریف خاندان کے کیسز کی پیشرفت اور زیر تفتیش کیسوں میں مطلوب افراد کو بیرون ملک سے واپس لانے کے حوالے سے ہدایات جاری کردیں۔ نیب ذرائع کے مطابق ڈی جی نیب لاہور نے چیئرمین کو شریف خاندان کے خلاف زیرتفتیش کیسز اور پیراگون، آشیانہ اقبال کیسز پر پیشرفت پر بریفنگ دی۔چیئرمین نیب نے ہدایت کی کہ خواجہ برادران کی قبل ازگرفتاری ضمانت کی درخواست کی عدالت میں سماعت پرنیب ٹیم اپنا بھرپور موقف پیش کرے۔ چیئرمین کی جانب سے نیب کو زیرتفتیش کیسسز میں مطلوب افراد کو جلد ازجلد پاکستان لانے کے لئے اقدامات ، ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے مقدمات کو ہنگامی بنیادوں پرمکمل کرنے کی ہدایت کی۔چیئرمین نیب نے کہا کہ عوام کے اربوں روپے لوٹنے والے جہاں بھی ہوں جس کے بھی عزیز ہوں نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہاکہ جب پوچھا جاتا ہے 5 ہزار کا کام 50 ہزار میں کیوں کیا ہے توسب نیب کیخلاف اکٹھے ہوجاتے ہیں۔ نیب کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، ملک کیلئے کام کر رہے ہیں۔ تفتیشی افسران کو کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔چیئرمین نیب نے ایڈیشنل ڈائریکٹر خاورالیاس کو نیب لاہور کے بزنس ڈیسک کے معاملات جبکہ عاصم لودھی کو ہیڈکوارٹرز بزنس ڈیسک کا انچارج بنا دیا ۔
تازہ ترین