• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کنٹونمنٹ بورڈ سہولیات دے،عوام کو تنگ نہ کرے،ہائیکورٹ

پشاور(نیوزرپورٹر) پشاور ہائیکورٹ نے کنٹونمنٹ بورڈ پشاور کی حدود میں سڑکوں کے کنارے، دکانوں اور تجارتی مراکز کے سامنے گاڑی کھڑی کرنے پر پارکنگ فیس لینے پر پابندی عائد کرتے ہوئے کنٹونمنٹ بورڈ کو گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے جگہ مختص کرنے اور تجاوزات کیخلاف کارروائی کی ہدایت کر دی ‘پشاور ہائیکورٹ کے جج جسٹس قیصر رشید اور جسٹس قلندرعلی خان پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ‘ درخواست گزار کے وکیل افروز احمد نے عدالت کو بتایا کہ کنٹونمنٹ ایریا میں سڑکوں کے کنارے اور دکانوں کے سامنے گاڑی کھڑی کرنے پر 40 روپے فیس لی جا رہی ہے جسٹس قیصر رشید نے کہا کہ سڑکوں کے کنارے گاڑی پارک کرنے پر کسی کو چارج کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے‘ لوگ فیملی اور بچوں کے ساتھ آتے ہیں گاڑی پارک کرنے کے بعد دی جانے والی پرچی پر لکھا ہوتا ہے کہ گاڑی گم ہونے کی صورت میں ذمہ دار نہیں ہونگے اگر ٹھیکیدار ذمہ داری نہیں لیتا تو پھر فیس کس بات کی لیتا ہے عدالت نے استفسار کیا کہ کوئی شخص بریڈ خریدنے کیلئے گاڑی کھڑی کر دے تو کس طرح اس سے پارکنگ فیس مانگی جا رہی ہے کنٹونمنٹ بورڈ لوگوں کو سہولیات دے اور بے جا تنگ نہ کرے‘ عدالت نے کنٹونمنٹ بورڈ پشاور کو گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے مخصوص جگہ مختص کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سڑکوں دکانوں اور پلازوں کے سامنے کھڑی گاڑیوں سے پارکنگ فیس نہ لینے کی ہدایت کر دی۔
تازہ ترین