• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرتارپورراہداری،شاہ محمود کی دعوت پر سشما سوراج کا انکار

کراچی(نیوز ڈیسک)کرتارپورراہداری سنگ بنیاد کی تقریب، شاہ محمود قریشی کی دعوت پر سشما سوراج نے انکار کردیا ہے۔ ان کی جگہ دو بھارتی وزراء تقریب میں شریک ہوں گے جو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا پیغام پاکستانی وزیر اعظم عمران خان تک پہنچائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق، وزیراعظم عمران خان نے پڑوسی ممالک سے تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے بھارت سے تعلقات میں پہلا قدم بڑھانے کی جو پیشکش کی تھی 28نومبر بروز بدھ وہ کرتارپور سرحدی راہداری کا افتتاح کر کے پاکستان کی جانب سے اس پیشکش کی عملی ابتدا کریں گے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس تقریب میں شرکت کے لئے اپنی بھارتی ہم منصب سشما سوراج بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ اور سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو دعوت نامے ارسال کر دیئے ہیں۔ تقریب میں بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ سمیت اسلام ابٓاد میں متعین بعض دیگر غیر ملکی سفیروں اور پاکستان کے سابق سفیروں وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام کو بھی اس تقریب میں مدعو کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے شاہ محمود قریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کہا کہ ہمارا مثبت طرزعمل،خلوص اور نیک نیتی پوری دنیا کے سامنے ہے۔وزیراعظم عمران خان نے منصب سنبھالنے کے بعد اپنی اولین تقریر میں ہندوستان کو مل بیٹھنے کی دعوت دی تھی ہم آج بھی اسی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔دریں اثناءبھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کی کرتار پور راہداری کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت سے انکار کرتے ہوئے کہاکہ مقررہ تاریخ پرا ن کی انتخابی مصروفیات طے ہیں جس کے باعث وہ پاکستان آنے اور اس تقریب میں شرکت کرنے سے قاصر ہیں ، دعوت پر پاکستانی وزیرخارجہ کی شکر گذار ہوں، توقع ہے حکومت پاکستان اس راہداری کی تعمیر کے تیزی سے عمل کو یقینی بنائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دو بھارتی وزراء محترمہ حرسمرات کور بادل اور ہردیپ سنگھ پوری بھارت کی طرف سے اس تقریب میں شرکت کرینگے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ حکومت پاکستان اس راہداری کی تعمیر کے تیزی سے عمل کو یقینی بنائے گی تاکہ ہمارے شہری جلد سے جلد اس راہداری کو استعمال کرتے ہوئے گوردوارہ کرتارپور صاحب میں اپنی مذہبی رسومات ادا کر سکیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کرتارپور صاحب کی افتتاحی تقریب کے بعد بھارتی وزراء، وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات بھی کریں گےاور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا پیغام بھی پہنچائیں گے۔
تازہ ترین