اسلام آباد(اپنےرپورٹر سے) وزیر مملکت پوسٹل سروسز مراد سعیدنےکہا ہےکہ محکمہ ڈاک کو منافع بخش ادارہ بنائیں گے۔ چیک اینڈ بیلنس کا مؤثر سسٹم قائم کیا جائے گا۔ کسی قسم کی نجکاری نہیں کی جائے گی۔ پاکستان پوسٹ موبائل منی سلوشن،پاکستان پوسٹ لاجسٹک کمپنی اور پاکستان پوسٹ کی ری پلاننگ و ری برینڈنگ کےمعاملات کوجلد حتمی شکل دینے کیلئے کام شروع کردیاگیا ہے۔ پاکستان پوسٹ کو ملک بھر میں 85 فیصد علاقوں تک رسائی حاصل ہے ۔ 13 ہزار پوسٹ آفسز کو جدید بنایا جائے گا۔ پاکستان پوسٹ کے ریونیو میں اضافے کے لئے ہنگامی اقدامات کررہے ہیں۔25 شہروں میں سیم ڈے ڈلیوری سروس 93اضلاع میں گھر کی دہلیز پر منی آرڈر پہنچانے کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ جنگ سےگفتگو کرتے ہوئےانہوں نےکہا کہ 13ہزار ڈاکخانے اور 43 ہزار ملازمین قومی خزانے میں سالانہ 100 ارب روپے ریونیو جمع کروائینگے۔وزیر مملکت مراد سعید نے کہاکہ دو ہفتوں میں ہم نے محکمے کے اندر دو سروسز کاآغاز کیاہے۔ ریونیو میں 58 ملین روپے کااضافہ ہوا۔ مراد سعید نے کہا کہ ملک بھرکے پوسٹ آفیسز کو ڈیجیٹلائزڈ کررہے ہیں۔ پاکستان پوسٹ کے ملازمین کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔