سکرنڈ (نامہ نگار) سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے چیئرمین سید جلال محمود شاہ نے سندھ ایکشن کمیٹی کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کے چاروں ستون سندھ کے خلاف ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تربیلا ڈیم کے پانی کی تقسیم ابھی درست نہیں ہوئی تو دیامر بحاشا ڈیم کے پانی کی تقسیم کیسے درست ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے اکثر علاقوں میں پانی کی قلت سے فصلیں تباہ ہو رہی ہیں، ہم تمام ڈیموں کو رد کرتے ہیں، سندھ پر ظلم کیا جا رہا ہے اور دریائے سندھ کا پانی چوری کیا جا رہا ہے، بھا شاہ ڈیم دریائے سندھ کی شہ رگ دبانے کے مترادف ہے، ارسا خاموش ہے، اسمبلیوں میں سندھ کے نمائندے چپ سادھے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر جئے سندھ محاذ سے چیئرمین ریاض چانڈیو اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔