پنجاب کے شہر سرگودھا میں دوسال قبل پسند کی شادی کرنے والے جوڑے پر فائرنگ کر کے نوجوان کو قتل جبکہ لڑکی کو شدید زخمی کر دیا گیا۔
جوڑے پر فائرنگ کرنے والا ملزم باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، مقتول 6 ماہ کے بچے کا باپ بھی تھا۔
پولیس کے مطابق سرگودھا نواحی علاقے مڈھ رانجھا میں دوسال قبل ثمر عباس نے ممتاز بی بی نامی خاتون کے ساتھ پسند کی شادی کی تھی ۔
مبینہ طور پر ممتاز بی بی کے بھائی نے فائرنگ کرکے اپنے بہنوئی کو قتل اور بہن کو زخمی کر دیا۔
پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دی ہے جبکہ شدید زخمی خاتون ممتاز بی بی کو طبی امداد کے لیے اسپتال لایا گیا ہے۔
پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے جبکہ قاتل کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔