کراچی (اسٹاف رپورٹر)اے ٹی ایف پاکستان انڈر 14 اینڈ راؤنڈ سیریز ٹینس چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کا اعلان کردیا گیا ہے۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری خالد رحمانی فیڈریشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا ہے کہ ایونٹس میں چار غیرملکی اور12 پاکستانی کھلاڑی حصہ لیں گے۔ اے ٹی ایف پاکستان انڈر 14 اینڈ راؤنڈ سیریز ٹینس چیمپئن شپ کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ایونٹس میں غیر ملکی کھلاڑیوں کو بھرپور سیکوریٹی فراہم کی جائے گی۔ دونوں ایونٹس میں برطانیہ، سری لنکا، ہانگ کانگ اور ملائیشیا کے کھلاڑیوں نے شرکت کی تصدیق کر دی ہے اور ایونٹس میں شرکت کیلئے غیرملکی کھلاڑیوں کی آمد 6 مارچ سے شروع ہوگی۔ ایشین ٹینس فیڈریشن نے پاکستان کو دو جونیئر ایونٹس کی میزبانی دی ہے۔ اے ٹی ایف پاکستان انڈر 14 اینڈ راؤنڈ سپر سیریز ٹینس چیمپئن شپ 7 سے 13 مارچ جبکہ دوسرا ایونٹ 14 سے 20 مارچ تک اسلام آباد میں کھیلا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایونٹس میں بوائز انڈر 14 اور ڈبلز کے مقابلے کھیلے جائیں گے جس کے لئے 16 کھلاڑیوں کا ڈراز بنایا گیا ہے جس میں 4 غیر ملکی اور 12 پاکستانی کھلاڑی شامل ہیں۔ پاکستانی کھلاڑیوں میں سے 6 کو وائلڈ کارڈ انٹری دی گئی ہے۔ ایشین ٹینس فیڈریشن نے ہمیں دونوں ایونٹس کیلئے12وائلڈ کارڈ انٹری کی اجازت دی ہے۔