• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیم فنڈزریزنگ مہم شاندار،برٹش پاکستانیوں کے رسپانس سے خوشی ہوئی،چیف جسٹس

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کیلئے بلا تفریق وسیع تر احتساب بہت اہم ہے، بدعنوانی کا سلسلہ مزید جاری نہیں رہنے دینگے،ٹیکس دہندگان کی محنت کی کمائی کو لوٹنے کی اجازت نہیں دے سکتے،کوئی بھی قوم انویسٹی گیشن اور ٹرائلز میں شفافیت کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی، احتساب سب کا بلاامتیاز اور منصفانہ ہونا چاہیے، نیب قوانین میں بہتری کی گنجائش ہےاس کیلئے مقننہ کو اقدامات اٹھانے ہونگے، ڈیم فنڈ ریزنگ مہم شاندار تجربہ رہا، برٹش پاکستانیوں کے رسپانس سے خوشی ہوئی، سر انور پرویز اور ضمیر چوہدری کاکردار قابل ستائش ہے، بیسٹ وے گروپ کی سبسیڈریز جوڈیشل ایکٹوازم کا شکار ہوئی جس پر معذرت خواہ ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورلڈ کانگریس آف اوورسیز پاکستانیز کے فنڈ ریزنگ ڈنر میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ورلڈ کانگریس آف اوورسیز پاکستانیز کے چیئرمین ناہید رندھاوا کی جانب سے فنڈ ریزنگ ایونٹ کے دوران جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئےچیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ میں کامل یقین رکھتا ہوں کہ بلاتفریق احتساب ہونا چاہئے۔ انہوں نے پاکستان بیسٹ وے گروپ کے پاکستان میں ایتھیکل بزنس کرنے کو سراہا اور اس پر تاسف کا اظہارکیا کہ پاکستان میں بیسٹ وے گروپ کی سبسیڈریز جوڈیشل ایکٹوازم کا شکار ہوئی۔ جیو کے اس سوال پر کہ پاکستان سے لوٹی گئی مبینہ دولت بیرون ملک بھیجی گئی تو چیف جسٹس نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ایف آئی اے ،ایف بی آر، اسٹیٹ بنک فنانس ڈویژن کی مدد سے متعدد اقدامات کئے ہیں اور ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ اسٹیٹ بنک آف پاکستان نے ایک ٹیم بنائی ہے جو بنک اکائونٹس کو دیکھے گی اور یہ جائزہ لے گی کہ کس طرح یہ پیسہ واپس لایاجائے اور رپورٹ ایک ہفتے میں جمع کرائی جائیگی۔ملزمان کیخلاف نیب کے سخت طریقہ کار کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا کہ امپروومنٹ کی ہمیشہ گنجائش ہوتی ہے اور اس سلسلے میں اقدامات کئےجاتے ہیں، جب بھی مجھے نیب سے متعلق کوئی شکایت ملتی ہے تو میں کمنٹ کرتا ہوں، میں نیب کے چیئرمین سے رابطے میں ہوں اور بعض اوقات ان کو کال بھی کرتا ہوں۔ فیئر ٹرائل ہر شخص کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیمز کی تعمیر کے سلسلے میں فنڈ ریزنگ ایونٹس میں شرکت کیلئے دورہ برطانیہ شان دار تجربہ رہا ۔ برٹش پاکستانیز کے رسپانس سے انہیں انتہائی خوشی ہوئی ۔ چیف جسٹس نے بیسٹ وے گروپ کے اونرز سر انور پرویز اور ضمیر چوہدری کی جانب سے سپریم کورٹ کی واٹر پریزرویشن مہم میں کردار ادا کرنے کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ میں اس پر معذرت خواہ ہوں کہ بیسٹ وے گروپ بد قسمتی سے میرے جوڈیشل ایکٹیوازم کا شکار ہوا۔ میں آپ کے مخیرانہ جذبے کو سراہتا ہوں اور میں آپکا شکر گزار ہوں ۔ ہم نے 6 نومبر کی ڈیڈ لائن مقرر کی تھی اور آپ نے مجھے یقین دہانی کرائی کہ ہم اپنے پلانٹس ماڈرنائز کریں گے اور ٹیوب ویلز سے پانی نہیں لیں گے۔ آپ نے ایک بلین روپے کا سیکورٹی بانڈ بھی دیا۔ آپ کی کارکردگی انتہائی شاندار رہی اور آپ نے ڈیڈ لائن سے پہلے ہی وہ کچھ کر دکھایا جسکا وعدہ کیا تھا۔یہ محبت اور جذبے کا حقیقی اظہار ہے جو میں نے اوورسیز پاکستانیز سے حاصل کیا، میں سر انور پرویز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ چیف جسٹس نے ڈیمز کیلئے 6لاکھ پونڈ کا عطیہ دینے پر بیسٹ وے گروپ کا شکریہ ادا کیا ۔ وہ پہلے بھی 3 لاکھ پونڈ کا عطیہ دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے محبت کی ایک مثال قائم کی اور آپ نے جو کام کیا وہ بے مثال ہے۔

تازہ ترین