• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف جسٹس نے علیمہ خان کی دبئی میں جائیداد کا ازخود نوٹس لے لیا

لندن (ٹی وی رپورٹ) ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کی دبئی میں جائیداد کا ازخود نوٹس لے لیا ہے۔ لندن میں چیف جسٹس پاکستان سے صحافیوں نے وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خانم کی دبئی میں پراپرٹی اور انکی جانب سے جرمانے کی ادائیگی سے متعلق سوالات کیے۔ ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کیس کی تاریخ مقرر کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دبئی میں پاکستانیوں کی جائیدادوں کے معاملے پر سپریم کورٹ کی ہدایت پر قائم کمیٹی نے 893 مالکان کو نوٹس بجھوائے تھے جن میں سے 450 افراد نے جائیدادوں کی ملکیت تسلیم کر لی تھی جبکہ 443 افراد نے اس حوالے سے کوئی جواب جمع نہیں کرایا تھا۔ بعد ازاں اس قسم کی اطلاعات سامنے آئیں کہ وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے دبئی میں اپنی جائیداوں کے حوالے سے ایف بی آر کو ٹیکس جمع کرا دیا ہے۔ انہوں نے دبئی میں اپنے پرتعیش فلیٹ ’’دی لافٹس ایسٹ۔ 1406 کی 25 فیصد تخمینی مجموعی قیمت اور 25فیصد جرمانے کی رقم ٹیکسوں کی مد میں جمع کرا دی ہے۔

تازہ ترین