• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سالِ نو کی آمد پر ہرکسی کی خواہش ہوتی ہے کہ نئے سال کیلئے نئے لباس خریدے جائیں، نئی جیولری پہنی جائے اور گھر کی تزئین و آرائش کی جائے۔ گھر کی سجاوٹ میں کوشش کی جاتی ہے کہ ٹرینڈ کا خاص خیال رکھا جائے۔ اگر آپ بھی آنے والے سال کے لیے گھر کی سجاوٹ کاارادہ رکھتے ہیں تو آج کا مضمون آپ کے لیے ہی ہے، جس میں ہم بات کرنے جارہے ہیں برطانوی انٹیریئر ڈیزائنرز اور بلاگر ز کی جانب سے جاری کردہ اُن ٹرینڈز کی، جن کو لے کر ڈیزائنرز پُر اعتماد ہیں کہ یہ ٹرینڈز آنے والے برسوں میں آپ کے گھر کی خوبصورتی اور چکا چوند میں اضافہ کرسکتے ہیں۔

اِن :فلورل فیبرک اور وال پیپر

برٹش ڈیزائنر اور بلاگر ایرن گیٹس کے مطابق آئندہ برس فلورل فیبرک اور فلورل وال پیپر کا ٹرینڈ خاصا مقبول رہے گا ۔بلاگر کے مطابق نئے سال کمرے کی سجاوٹ کے لیے استعمال کیے جانے والے فیبرک میں فلورل فیبرک کا استعمال خاصا عام دکھائی دے گا ۔اس کے علاوہ پردے، حتیٰ کہ وال پیپر بھی فلور ل پرنٹ سے سجے ہوئے نظر آئیں گے۔

آؤٹ :جیومیٹریکل اسٹائل

ایرن کے مطابق آنے والا برس جہاں فلورل فیبرک اور پرنٹ کو خاصا مقبول بنائے گا، وہیں جیومیٹریکل اسٹائل (IKAT AND TRELLIS PATTERNS)آؤٹ آف فیشن ہوجائےگا ۔اس اسٹائل کے پردے اور بیڈ شیٹ زیادہ تر گھروں میں استعمال کی جاتی ہیں لیکن اگر آپ اپنے گھر کو ٹرینڈ کے مطابق سجانا چاہتے ہیں تو نئے سال کے لیے اس اسٹائل کی آرائشی اشیا ہر گز نہ خریدیں ۔

اِن :مقبول رنگ

رنگوں کے معروف انسٹیٹیوٹ پینٹون کی جانب سے اب تک نئے سال کے رنگ کا انتخاب تو نہیںکیا گیا لیکن انٹیریئر ڈیزائنر جیف اینڈریوز ڈکے مطابق نئے برس بولڈ الٹرا وائلٹ، ایمرلڈ گرین اور ڈارک ٹیل آرائش کے حوالے سے خاصےمقبول رہیں گے۔ ان رنگوں کو کچن کے علاوہ گھر کے دیگر حصوں مثلاً لیونگ روم ،بیڈروم اور ڈائننگ روم میں انٹیریئر ڈیزائننگ کا حصہ بنایا جاسکتا ہے ۔

آؤٹ:ہلکا سرمئی

بلاگر جیف کے مطابق 2019ء میں جہاں مختلف رنگ گھر کی سجاوٹ کےلیے مقبول ہوجائیں گے، وہیں ہلکا سرمئی رنگ گھر کی سجاوٹ میں پیچھے رہ جائیگا۔ سرمئی رنگ کو درمیانہ رنگ کہا جاتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ پانی کا رنگ ہے، جو مختلف خیالات کے درمیان کی چیز کو ظاہر کرتا ہے۔ اکثر وبیشتر افراد سرمئی رنگ کو بیڈروم کی دیواروں یا پھر ڈیکوریشن کے لیے بطور خاص منتخب کرتے ہیں لیکن آنے والا برس یہ رنگ آؤٹ آف فیشن کی فہرست میں شامل ہوجائیگا۔

اِن :کچن کیلئےگرافک پیٹرن ٹائلز

امریکی انٹیریئر ڈیزائنر ایمی اسکلر کے مطابق 2019ء میںکچن کے لیے بطور خاص گرافک ٹائلز کے انتخاب کا رجحان زیادہ دیکھنے میں آئے گا۔عام طور پر لوگ کچن کے لیے سادہ ٹائلز کا انتخاب کرتے ہیں لیکن ایمی کی پیشن گوئی کے مطابق اگلے سال سادہ کے بجائے گرافک اسٹائل یا پھر گہرے رنگوں کے پیٹرن پر مبنی ٹائلز کچن کے فرش کےلیے بہترین ثابت ہوں گے۔

آؤٹ:چپسی کا فرش

اگر آپ کچن کے فرش میں تبدیلی کے خواہشمند ہیں تو ایمی اسکلر کے بتائے گئے ٹرینڈ کے مطابق چپسی کے فرش کا انتخاب ہر گز نہ کریں کیونکہ 2019ء میں چپسی کا فرش فیشن لسٹ میں شامل نہیں ہوگا۔ واضح رہے کہ چپسی کا فر ش پتھر کی کنکریوں کو سیمنٹ میں ملا کر پچی کاری سے تیار کیا جاتا ہے۔ یہ ایک چمکیلا فرش ہوتا ہے، جس کی صفائی آسان ہوتی ہے۔

اِن:فو ر پوسٹر بیڈ

فور پوسٹر بیڈ کا استعمال شاہی خاندانوں یا عالیشان گھروں میں کیا جاتا ہے لیکن انٹیریئر ڈیزائنر ایمی اسکلر عام بیڈ کے بجائے فور پوسٹر بیڈ کو 2019ء کا ایک مقبول ڈیکوریشن ٹرینڈ قراردیتی ہیں ۔

آؤٹ : فائبر آرٹ

2019ء کے ڈیکوریشن ٹرینڈ کے پیش نظر گھروں کی سجاوٹ کے لیے فائبر آرٹ اسٹائل والی آرائشی اشیا آؤٹ آف فیشن ہوجائیں گی۔ فائبر آرٹ سے مراد پَودے کے دھاگے جَيسی نازُک جَڑ یا پھر کسی نازک سے ریشے مثلاً اون سے تیار کیے گئے آرٹ پیسز ہوتے ہیں، جنہیں ایمی اسکلر 2019ء میں آؤٹ آف فیشن قرار دیتی ہیں۔

اِن :بولڈ بلیک باتھ رم

کیشا فرینکلن سیاہ رنگ پسند کرنے والے افراد کو خوشخبری سناتی ہیںکہ اگلے برس وہ اپنے باتھ روم کے لیے سیاہ رنگ بطور ٹرینڈاستعمال کرسکتے ہیں۔ گہرا سیاہ باتھ روم جتنا وسیع ہوگا، اتنا ہی نفیس بھی کہلائے گا۔ یہی نہیں، سیاہ باتھ روم کے کئی فوائد بھی ہیں، مثلاًاس رنگ کی ٹائلز دیگر ٹائلز کی نسبت کم میلی ہوتی ہیں۔ اگر اس رنگ کے ساتھ سینیٹری سامان کا اضافہ سمجھداری سے کیا جائے تو یہ رنگ آپ کے باتھ روم کو ایک خوبصورت اسپا میں تبدیل کرسکتا ہے۔

آؤٹ :روز گولڈ

باتھ روم کے لیے جہاں سیاہ رنگ کو اگلے برس ترجیح دی جائے گی، وہیں روز گولڈ رنگ گھر کی ڈیکوریشن کے حوالے سے آؤٹ آف فیشن ہوجائے گا۔ جی ہاں! اگلے برس یہ امید کی جارہی ہے کہ اس رنگ کے پردے ،آرائشی اشیا یا پھر ٹیبل کورز کے لیے روز گولڈ کا انتخاب نہیں کیا جائے گا۔

تازہ ترین