• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی کابینہ،گلگت بلتستان کو عبوری صوبہ بنانے کا فیصلہ موخر،پاک افغان سرحد پر باڑ کیلئے 20 ارب کی منظوری

اسلام آباد (نمائندہ جنگ، خبرایجنسی) وفاقی کابینہ نےمالی سال 2018-19میں پاک افغان سرحدپر باڑاورلائٹیں لگانے کیلئے20 ارب روپے کی منظوری دیدی جبکہ نیشنل ٹیرف پالیسی کی منظوری موخر کردی،نیشنل ٹیرف پالیسی دوبارہ کابینہ اجلاس میں پیش کی جائے گی، گلگت بلتستان کوعبوری صوبہ بنانے کا فیصلہ موخر کردیا گیا،گیس لوڈ مینجمنٹ کی منظوری دی گئی جبکہ اسٹیل ملز کے متوفی ملازمین کے ورثاء کو واجبات کی ادائیگی کا فیصلہ کیاگیا، کرپشن کیخلاف مہم جاری رکھنے کا فیصلہ، وزرا کی کارکردگی کا جائزہ لیاگیا۔وزیر اعظم نےکہا کہ نیشنل ٹیرف پالیسی انتہائی اہم پالیسی ہے عجلت میں منظوری نہیں دی جاسکتی، وزیر اعظم نےہدایت کی کہ پالیسی پر اسٹیک ہولڈرز سے مزید مشاورت کی جائے، وزار ت تجارت مکمل تیاری کے بعد پالیسی دوبارہ پیش کرے۔ذ رائع کے مطابق یہ فیصلہ جمعرات کو وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کسی بھی سرکاری ملازم کو نوکری سے نہیں نکالا جائےگا، شوگر ملز کے مسائل کے حل کے عمل کے دوران گنے کے کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا ۔ کابینہ نے فیصلہ کیا کہ تحریک انصاف کے منشور کے مطابق ٹیکس پالیسی کو ریونیو ایڈمنسٹریشن سے الگ کیا جائے گا اس سلسلے میں قانونی اور تکنیکی معاملات طے کرنےکیلئے کمیٹی قائم کر دی گئی ۔

تازہ ترین