• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پتا ہے کون سی قوتیں پاکستان کو توڑنا چاہتی ہیں،ہم ان سے لڑیں گے، زرداری

سکھر (بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہمیں پتا ہے کہ کون سی قوتیں پاکستان کوتوڑنا چاہتی ہیں، ہم ان قوتوں سے لڑینگے، اٹھارہویں ترمیم میں نے اپنے لیے نہیں پاکستان کیلئے کی تھی، یہ سفر بہت طویل تھا، شہید ذوالفقار علی بھٹو غریب عوام کے حقوق کیلئے دنیا کو استعمال کرتے تھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے سکھر میںپیپلزپارٹی کے 51ویں یوم تاسیس کے موقع پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سید خورشید شاہ، اعتزاز احسن، قمرزمان کائرہ، مراد علی شاہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہماری پارٹی کسی گملے میں نہیں لگائی گئی،ایک فکری سوچ کے بعد بنی، ملک میں جمہوریت نہیں جمہور وفاق خطرے میں ہے، آج ہمیں اپنے اندر بھی دیکھنے کی ضرورت ہے۔آصف علی زرداری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ضیاء الحق کی سیاسی زندگی کچھ نہیں تھی، اس کی زندگی بس اتنی تھی جتنی اللہ نے اسے دی، جو کہ سب کی ہوتی ہے، اس کے جانے کے بعد اس کا نام بھی نہیں، پی پی کا نام کل بھی تھا آج بھی ہے اور کل بھی ہوگا۔سابق صدر آصف علی زرداری نے کہاکہ آج کے دن شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ایک نئی سوچ دی، بھٹو کی سوچ پہلے سے چل رہی تھی، بینظیر بھٹو کی تربیت ذوالفقار علی بھٹو جیسے لیڈر نے کی، بینظیر بھٹو میں جمہوریت کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی تھی اس کے والد نے اسے ہر بات سمجھائی تھی، وہ بھی اپنے عوام کے لئے لڑنا چاہتی تھی۔ بلاول بھٹو زرداری بی بی کی نشانی ہے، اسے عوام کے حوالے کرتا ہوں، یہ بی بی کا بیٹا ہے، اس کا خیال کریں، اسے ہمیشہ آپ کے حوالے کرتا ہوں۔جلسے سے خطاب میں اعتزاز احسن نے کہا کہ سیاسی قیادت اور عوام کو عظیم الشان جلسہ منعقد کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، نصف صدی گزر گئی، اگلی نصف صدی کا آغاز ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے 5اصول عوام کو یاد کرانا چاہتا ہوں، پہلا اصول اسلام ہمارا دین، دوسرا اصول جمہوریت ہماری قیادت، تیسرا اصول سوشل ازم ہماری معیشت، چوتھا اصول طاقت کا سرچشمہ عوام اور پانچواں اصول شہادت ہماری منزل ہے۔ قمر زمان کائرہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی پی آج 51 سال کی ہوگئی،جلسہ منعقد کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں،ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کے مسائل سامنے رکھ کے پارٹی کی بنیاد رکھی تھی، ہماری پارٹی کسی گملے میں نہیں لگائی گئی،ایک فکری سوچ کے بعد بنی، ہماری پارٹی نے شہادتیں دیں،خون سے جدوجہد کی داستان رقم کی ہے۔

تازہ ترین