• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف جسٹس کے نوٹس پر برٹش پاکستانی کے قتل کیس کی تیز تر سماعت

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کے اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ایک معاملے کے نوٹس کے بعد برٹش پاکستانی بیرسٹر فہد ملک کے قتل کیس کی روزانہ بنیاد پر سماعت ہو رہی ہے۔ قتل کیس کو برٹش ایم پیز کے ایک گروپ نے ہائوس آف کامنز میں چیف جسٹس سے ملاقات کے دوران اٹھایا تھا۔ ایم پیز نے جب چیف جسٹس کی توجہ اسلام آباد میں دو سال قبل قتل کیس کی جانب مبذول کرائی تو چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ اس میں تاخیر ہوئی ہے اور میں نے خود اس کیس کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اس معاملے کو ایک ماہ کے اندر نمٹا دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے انسداد دہشت گردی کے جج کو سپریم کورٹ بلا کر کیس میں تاخیر کے بارے میں پوچھا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ انصاف فراہم کیا جائے گا۔ پاکستان اوورسیز پاکستانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ چیف جسٹس نے اس معاملے کا جائزہ اس وقت لیا، جب ان کے بھائی نے ایک ماہ قبل سپریم کورٹ کے ہیومن رائٹس سیل میں درخواست بھیجی تھی اور انصاف کی تیز تر فراہمی کی استدعا کی تھی۔
تازہ ترین