کینسر کے مرض میں مبتلا بالی ووڈ اداکارہ سونالی بیندرے تقریباً دو ماہ امریکا میں زیر علاج رہنے کے بعد واپس بھارت پہنچ گئیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق بالی ووڈ کی نامور اداکارہ سونالی بیندرے پچھلے کچھ عرصے سےامریکی شہر نیویارک میں مقیم تھیں جہاں ان کا علاج جاری تھا، تاہم آج صبح وہ ممبئی واپس پہنچ گئی ہیں اوریہ بھی کہا جارہا ہے کہ اب وہ صحت یابی کی جانب بڑھ رہی ہیں۔
سونالی بیندرے کے شوہر گولڈی بہل نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ان کی اہلیہ اور اداکارہ سونالی بیندرے کا امریکا میں علاج مکمل ہوگیا ہے لیکن ان کے باقاعدہ چیک اپس جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سونالی اب ٹھیک ہیں اور وہ تیزی سے بہتری کی طرف جارہی ہیں اسی لیے اب ان کا علاج بند کردیا گیا ہے۔
ممبئی آنے سے قبل سونالی نے سوشل میڈیا پر اپنی ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ ائرپورٹ پر کھڑی دکھائی دے رہی ہیں اور اس تصویر کے ساتھ ہی انہوں نےایک جذباتی پیغام بھی جاری کیا ہے، جس میں ان کا کہنا ہے کہ ’فاصلے دلوں کوتوڑ دیتے ہیں اور یہ سچ ہے، لیکن ہمیں یہ کبھی نہیں بھولناچاہیے کہ وہ ہمیں سکھاتے بھی ہیں۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’نیویارک میں ہوتے ہوئے میں نے محسوس کیا کہ میں بہت کہانیوں کے گرد گھوم رہی تھی اور ہرکہانی مختلف طریقوں سے اپنا ہی ایک پورا مضمون لکھ رہی تھی، ہرکہانی اپنے وجود کی کوشش کررہی تھی لیکن کبھی ہار ماننے کو تیار نہیں ۔‘
سونالی بیندرے نے مزید لکھا کہ ’اب میں واپس اپنے گھر جارہی ہوں جہاں میرا دل اٹکاہوا ہے، ان احساسات کو الفاظ میں بیان کرنا ممکن نہیں لیکن میں ایسا کرنے جارہی ہوں، یہ فیملی اور دوستوں کو دوبارہ دیکھنے کی خوشی ہے۔‘
واضح رہے سونالی بیندر ے نے رواں سال جولائی میں سوشل میڈیا پرایک پیغام کے ذریعے بتایا تھا کہ انہیں ’ہائی گریڈکینسر‘ کی تشخیص ہوئی ہے جو کہ جسم کے دیگر حصوں میں بھی پھیل چکا ہے ۔
انہوں نے معمولی درد کے باعث کچھ ٹیسٹ کروائےتھےجس کے بعد یہ انتہائی حیران کن انکشاف سامنے آیا تھا جس کے علاج کے لیے وہ امریکا گئیں تھیں۔