سکھر(بیورو رپورٹ)سکھر ایوانِ صنعت و تجارت کے صدر عامر علی خان غوری نے سکھر سے کراچی، لاہور، اسلام آباد روٹس پر پی آئی اے کی جانب سے کرایوں میں تقریباً 50 فیصد تک کمی کو سراہتے ہوئے اسے نہایت مثبت قرار دیا ہے سکھر اور گرد ونواح کی تاجر برادری بڑی تعداد میں پی آئی اے کے ذریعے سفر اختیار کررہی ہے اور روزانہ تمام پروازیں اپنی مکمل گنجائش کے مطابق آپریٹ ہو رہی ہیں۔ ایک بیان میں صدرِ ایوان عامر علی خان غوری ،سینئر نائب صدر عرفان صمد، نائب صدر جاوید علی شیخ، یعقوب ملک، اسرار بھٹی و دیگر اراکینِ مجلسِ انتظامیہ نے کہا کہ سکھر ایئرپورٹ سے کراچی، حیدرآباد اور لاہور کے لئے صرف پی آئی اے کی پروازیں چلتی ہیں اور ان کے کرائے ہمیشہ نجی ایئرلائن سے مقابلے میں بہت زیادہ رہے ہیں، پی آئی اے کی جانب سے کرایوں میں 50فیصد تک جو کمی کی گئی ہے اس سے نہ صرف صنعت کاروں، تاجروں اور جہاز کے ذریعے سفر کرنے والوں کو فائدہ ہوگا بلکہ اس سے پی آئی اے کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا اور پی آئی اے میں مسافروں کی تعداد بڑھے گی، انہوں نے کہا کہ سکھر سے بوئنگ 737 کی پروازیں بلا تاخیر بحال کرنےاورزائرین و عازمینِ عمرہ کیلئے سکھر ایئر پورٹ سے براہ راست پروازوں کا شروع کرنے پر زور دیا ۔