• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زادکی شاہ محمود قریشی سے ملاقات

امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے افغانستان میں امن عمل کے لیے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ہے۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے زلمے خلیل زاد کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان، افغانستان میں سیاسی تصفیہ کے لیے خلوصِ نیت کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گا کیونکہ افغانستان میں قیام امن پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے۔

امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد اپنے چار رکنی وفد کے ہمراہ دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں۔ زلمے خلیل زاد کا یہ پاکستان کا دوسرا سرکاری دورہ ہے۔

سفیر زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو افغانستان مفاہمتی عمل کے سلسلے میں پاکستان کے تعاون کے حصول کے لیے امریکی صدر کی طرف سے وزیر اعظم عمران خان کو لکھے گئے خط کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے افغان مصالحتی عمل میں پاکستان کے تعاون کے حصول کیلئے صدر ٹرمپ کے پیغام کا خیرمقدم کیا ہے۔

امریکی نمائندہ خصوصی کی دفتر خارجہ میں افغان مفاہمتی عمل کے لیے وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے۔

پاکستانی وفد کی قیادت سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کی جبکہ امریکی وفد کی سربراہی زلمے خلیل زاد نے کی۔

مذاکرات میں دونوں ممالک کی سول وعسکری حکام بھی موجود تھے۔

امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل کی کل آرمی چیف اور وزیراعظم سے ملاقات کا بھی امکان ہے ۔

تازہ ترین