• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی، ڈالر مزید مہنگا ہوگیا

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک روزہ تیزی کے بعد پھرمندی ،کے ایس ای100انڈیکس 300پوائنٹس کم ہو گیا ،مندی کے باعث سرمایہ کاری کی مالیت 50 ارب 99 کروڑ روپے کم ہوگئی، کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت 29.48 فیصدکم اور 59.49 فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ دوسری جانب مقامی کرنسی مارکیٹ بدھ کو انٹربینک میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید میں90پیسے اور قیمت فروخت میں 80 پیسے کااضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔اوپن کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر 50پیسے بڑھ گئی۔ تفصیلات کے مطابق حکومتی مالیاتی اداروں اور مقامی بروکریج ہائوسز سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب بینکنگ، توانائی، کیمیکلز، سیمنٹ اور دیگرسیکٹر میں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100 انڈیکس 39607پوائنٹس کی سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیاتاہم وزیر خزانہ کو عہدے سے الگ کرنے کی خبر پھیلنے اورملکی کرنسی مارکیٹوں میں ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافے کے باعث مقامی سرمایہ کار تذبذب کا شکار نظرآئے اور اپنے حصص فروخت کرنے کو ترجیح دی جس کے نتیجے میں تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اور کے ایس ای 100 انڈیکس 38718 پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا تاہم ایک بار پھر غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے منافق بخش سیکٹر میں خریداری کے باعث مارکیٹ میں ریکوری آئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس کی39300کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی تاہم اتارچڑھائو کا سلسلہ سارا دن جاری رہا۔دریں اثناء فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق بدھ کوانٹربینک مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید میں 90 پیسے اور قیمت فروخت میں80پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا، جس کے نتیجے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید 137.65 روپے سے بڑھ کر 138.55 روپے اورقیمت فروخت 137.85 روپے سے بڑھ کر 138.65 روپے کی بلندترین سطح پر پہنچ گئی۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالرکی قیمت میں 50پیسے کااضافہ ریکارڈ کیاگیا،جس کے نتیجے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید 137.50 روپے سے بڑھ کر 138.00 روپے اورقیمت فروخت 138.00 روپے سے بڑھ کر 138.50 روپے ہوگئی۔

تازہ ترین