• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوج اور عدلیہ عمران حکومت کی پالیسیوں کیساتھ کھڑی ہے، فیصل واوڈا

کراچی (ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ عمران خان کا یہ کہنا کہ فوج پی ٹی آئی کے منشور کے ساتھ ہے یہ ان کی زبان پھسل گئی تھی، عمران خان کے کہنے کا مقصد تھا کہ فوج جمہوریت اور حکومت کے ساتھ ہے، فوج اور عدلیہ عمران خان کی حکومت کی پالیسیوں کے ساتھ کھڑی ہے، زلفی بخاری کہتے ہیں اگر چیف جسٹس کہیں گے تو غیرملکی شہریت چھوڑ دوں گا،مذہبی انتہاپسندی فردِ واحد عمران خان نے ایڈریس کی۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔پروگرام میں ن لیگ کے رہنما رانا تنویر حسین اور پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر مولا بخش چانڈیوبھی شریک تھے۔مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ چیف جسٹس اور وزیراعظم کے درمیان محاذ آرائی کا خاتمہ اچھی بات ہے، کبھی کسی وزیراعظم کا ایسا بیان نہیں آیا کہ افواج پاکستان میرے منشور کے ساتھ ہے، سپریم کورٹ نے اہم قومی معاملات اٹھائے جو حکومت کی ناکامی ہے۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ چیف جسٹس حکومت کے سارے کام کریں گے تو وزیراعظم کے پاس مرغیوں کے علاوہ کوئی پروگرام نہیں ہوگا، عمران خان زلفی بخاری کیلئے اتنی جان ماررہے ہیں کہ چیف جسٹس پر سوال اٹھادیا ،پی ٹی آئی کو فیل نہیں ہونا چاہئے اس سے جمہوری پراسس پر سوالیہ نشان آسکتا ہے۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ عمران خان روایتی سیاستدان نہیں ہیں، وہ جیب سے پرچے نکال کراسے پڑھ کر بات نہیں کرتے،پاک فوج پی ٹی آئی کی نہیں پاکستانیوں کی ہے۔ فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا کریڈٹ وہاں سے گنیں جہاں سے ان کی پکڑ شروع ہوئی، اعظم سواتی کا کیس سپریم کورٹ میں ہے جس پر چیف جسٹس کو فیصلہ لینا ہے، زلفی بخاری کا قصور یہ ہے کہ وہ عمران خان کا دوست ہے، زلفی بخاری نہ پاکستان مخالف ہے نہ اس پر کوئی الزام ہے۔

تازہ ترین