قومی ہاکی ٹیم کو ورلڈ کپ کے دوران بڑا دھچکا لگا ہے، کپتان رضوان سینئر زخمی ہوکر ایونٹ سے باہر ہوگئے جبکہ نائب کپتان عماد بٹ پر ایک میچ کی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
قومی ہاکی ٹیم کے کپتان رضوان سینئر ملائیشیا کے خلاف میچ میں زخمی ہو کر ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے۔
بھارت میں جاری ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستان نے اپنا دوسرا گروپ میچ گزشتہ روز ملائیشیا کے خلاف کھیلا تھا جو ایک ایک گول سے برابر رہا۔
ذرائع کے مطابق قومی ہاکی ٹیم کے کپتان رضوان سینئر کو ملائشیا کے خلاف میچ کے دوران دائیں پاؤں کی دوسری انگلی فریکچر ہوا جس کے باعث وہ ورلڈ کپ سے آؤٹ ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی جانب سے پاکستان ہاکی ٹیم کے نائب کپتان عماد بٹ پر ایک میچ کی پابندی عائد کر دی گئی۔
عماد بٹ ملائیشیا کے خلاف میچ میں حریف کھلاڑی سے ٹکرائے تھے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے 600 ڈالر فیس جمع کروا کر ایف آئی ایچ کے روبرو نائب کپتان عماد بٹ پر عائد پابندی کے خلاف اپیل دائر کر دی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان کے اگلے میچ کے کپتان اور متبادل کھلاڑیوں کے ناموں کا فیصلہ کل تک کر لیا جائے گا۔