• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزن کم کرنے کی جستجو میں مگن خواتین کو سب سے زیادہ خوشی اس وقت محسوس ہوتی ہے، جب ان سے یہ کہا جائے کہ وہ کافی اسمارٹ یا دبلی نظر آرہی ہیں۔ یہ لفظ سننے کے بعد ایسا محسوس ہوتا ہے، جیسے قارون کا خزانہ ہاتھ لگ گیاہو۔ لیکن اسمارٹ بنانے والا قارون کا خزانہ ایسے ہی آپ کے ہاتھ نہیں لگتا، یقیناً آپ کو اس کے لیے کافی محنت درکارہوتی ہے۔ خواتین کو یہ محنت کیسے کرنی ہے، اس کا ذکر اکثروبیشتر ہم اپنی مختلف تحریروں کے ذریعے کرتے رہتے ہیں۔ مگر کیا آپ جانتی ہیں کہ آپ کی کچھ عادتیں ایسی بھی ہیں، جو آپ کا وزن کم کرنے کا سبب بن سکتی ہیں؟ ان عادتوںکے ذریعے ڈائٹنگ سے نجات اور سلم نظر آنے کا خواب دونوں ہی پورے ہوسکتے ہیں۔

کھانے سے پہلے پانی پینا

پانی کا استعمال وزن میں کمی لانے کے لیے بے حد مفید ہے لیکن اگر آپ اسمارٹ نظر آنا چاہتی ہیں تو کھانے سے قبل پانی استعمال کریں۔ تحقیق سےثابت ہے کہ کھانے سے آدھا گھنٹہ قبل پیا گیا آدھا لیٹر پانی کیلوریز جلانے اور وزن کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ اس کے علاوہ کھانا شروع کرنے سے قبل ایک سے آدھا گلاس پانی پینا آپ کی بھوک کو کم کردیتا ہے۔ پانی کا استعمال ایک سے ڈیڑھ گھنٹے میں میٹابولزم کو 24سے 30فیصد بڑھانے کے ساتھ ساتھ کیلوریز جلانے میں بھی مددگار ومعاون ثابت ہوتا ہے۔

ناشتےمیں انڈوں کا استعمال

امریکا میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق ناشتے میں انڈوں کے ساتھ کم کیلوریز والی غذائیں کھانا وزن میں تیزی سے کمی لانے میں مدد دیتا ہے۔ تحقیق کے دوران ایک ہفتے تک اس طرح کا ناشتہ کرنے سے خاتون کے بڑھے ہوئے پیٹ میں ایک انچ کی کمی دیکھنے میں آئی۔ انڈوں میں پروٹین کی موجودگی اور اس کا روزانہ استعمال کچھ عرصے میں پیٹ کی چربی گھلانے میں معاون کردار ادا کرتا ہے۔

Intermittent Fasting

2018ء کے مقبول ڈائٹ پلان میں Intermittent Fastingبھی شامل ہے۔ دیگرمذاہب میں وقفے وقفے سے روزہ رکھنے کو Intermittent Fastingکانام دیا جاتاہے، جس کے تحت 24گھنٹوں پر مشتمل دن اور رات کو دو حصوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ ایک حصہ وہ ہوتا ہے، جس کےدوران لوگ محدود اوقات میں کھاتے پیتے ہیں جبکہ دیگر اوقات میں کھانے سے دور رہتے ہیں۔ Intermittent Fastingکے ذریعے نہ صرف وزن کم ہوتا ہے بلکہ جسمانی اور دماغی صحت کو بحال کرنا بھی ممکن ہوتا ہے۔

چھوٹی پلیٹوں کا استعمال

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈائٹنگ کے دوران چھوٹی پلیٹوں میں کھانا بھی وزن میں کمی کا باعث بنتا ہے۔ اس حوالے سےبونڈ یونیورسٹی میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق چھوٹی پلیٹوں کا استعمال مجموعی طور پر کھانے کی مقدار کو کم کردیتا ہے اور اس کا نتیجہ موٹاپے میں کمی کی صورت میں نکلتا ہے۔ چھوٹی پلیٹوں کا استعمال اس وقت ہی زیادہ مؤثر ثابت ہوتا ہے جب کھانے والا غذا خود ہی پلیٹ میں نکالے۔

آہستہ چبائیں

کہا جاتاہے کہ کھانا ہمیشہ آہستگی سے کھانا چاہیے، یہ بات اخلاقاً ہی نہیں طبی طور پر بھی آپ کی صحت کے لیے بے حد مفید ہے۔تحقیقات سے ثابت ہے کہ زیادہ چبانا کیلوریز جلانے اور وزن کم کرنے کے لیے بے حد مفید ہے۔ اس کے برعکس اگر آپ تیزی سے خوراک کو نگلتے ہیں تو یہ پیٹ کے پھولنے کا باعث بنتا ہے۔ کھانے کے صحیح آداب کا خیال رکھنا آپ کے پیٹ کی چربی کو کم کرکے اسے صحیح شکل میں برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے ۔

اچھی نیند

ورزش اور صحت بخش غذا کی طرح اچھی نیند بھی صحت مند زندگی کے لیے بے حد مفید ثابت ہوتی ہے۔ مختلف تحقیقات یہ ثابت کرتی ہیں کہ ایک رات میں صرف30منٹ کی کم نیند بھی وزن میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے اور یہ وزن پیٹ کی چربی بڑھنے کی صورت بھی سامنے آسکتا ہے۔ آج کی طرزِ زندگی میں لوگوں کی نیند کا دورانیہ کم سے کم ہوتا جارہا ہے، جس کی قیمت مختلف بیماریوں کی شکل میں ادا کرنا پڑتی ہے اور اس میں سب سے نمایاں پیٹ کا نکلنا ہے۔

تازہ ترین