لاہور، لندن (جنگ نیوز، خبر ایجنسیاں) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمدنے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم کے ساتھ گزشتہ روز ان کی چار میٹنگز ہوئی جس میں خان صاحب نے انہیں وزارت اطلاعات میں آنے کی پیشکش کی ہے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری لندن میں پکنک پر ہیں،میں نے وزیر اطلاعات کو لندن سے واپس آنے کا کہا ہے، شیخ رشید کے دعوے پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وہ شیخ رشید لئے وزارت چھوڑنے کیلئے تیار ہیں لیکن بلیک میل نہیں ہونگے، وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی کا کہنا تھا کہ انہیں وزارت اطلاعات میں تبدیلی کا کوئی علم نہیں، فواد چوہدری کے کام سے وزیراعظم مطمئن ہیں، پی ٹی آئی کے سینئر رہنما نعیم الحق کا کہنا تھا کہ تین ماہ میں کسی کی کارکردگی کا فیصلہ نہیں ہوسکتا، فواد چوہدری اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے، علاوہ ازیں شیخ رشید احمد نے اپنی بات پر یوٹرن لیتے ہوئے کہا ہے کہ ان سے منسوب باتیں بے بنیاد ہیں، انہوں نے فواد چوہدری کو اپنا بھائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر وزیر اعظم پیشکش بھی کریں تو وہ وزارت اطلاعات نہیں لیں گے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی کے سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ان کی گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے ساتھ 4میٹنگز ہوئیں، وزیراعظم نے مجھ سے کہا کہ وزارت اطلاعات میں آجائیں۔ فواد چوہدری سے متعلق سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ وہ لندن میں8روز سے پکنک پر ہیں، میں نے ان سے کہا ہے کہ لندن سے واپس آ جائیں۔ وزیراعظم کی جانب سے وزارت کی تبدیلی سے متعلق سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ ’میں کہوں گا لو یو تھینک یو ویری مچ‘۔ صباح نیوز کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید کی ساتھ بیٹھے شخص کے ساتھ ہونے والی سرگوشی منظر عام پر آگئی، پریس کانفرنس شروع ہونے سے قبل شیخ رشید نے ساتھ بیٹھے شخص کو بتایا کہ ان کی گزشتہ روز چار باروزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے اور وزیراعظم نے وزارت اطلاعات میں آنے کی پیشکش کی ہے۔شیخ رشید نے فواد چوہدری کا نام لئے بغیر کہا کہ وہ 8دن سے لندن میں پکنک منارہے ہیں، وہ واپس آجائیں تو معاملہ دیکھتے ہیں۔وزیراعظم کی جانب سے وزارت کی تبدیلی سے متعلق سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ میں کہوں گا لویو تھینک یو ویری مچ۔وفاقی وزیر ریلوے کی باتوں پر ردعمل دیتے ہوئے فواد چوہدری نے ٹوئٹ میں لکھا کہ شیخ رشید کیلئے بخوشی اپنی پوزیشن چھوڑنے کو تیار ہوں، مجھے شیخ رشید کیلئے اپنی وزارت چھوڑنے اور بطور ایم این اے کام کرنے میں خوشی ہوگی تاہم جب تک میں وزیر ہوں،بلیک میل نہیں ہوں گا۔فواد چوہدری نے کہا کہ ذمہ داری کیلئے کسی شخص کا انتخاب وزیراعظم کرتے ہیں، عمران خان ہی یہ فیصلہ کرتے ہیں کہ کون کس عہدے کیلئے موزوں ترین ہے۔ اس معاملے پر وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری بہترین کام کر رہے ہیں اور وزیراعظم عمران خان ان کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔افتخار درانی نے کہا کہ وزیراعظم سے ملاقاتوں سے متعلق شیخ رشید خود بہتر بتا سکتے ہیں۔وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ وزارت اطلاعات میں تبدیلی کے حوالے سے مجھے کچھ علم نہیں ہے، اس حوالے سے پیر کو مختلف وزارتوں کا جائزہ لیا جائے گا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ملتان میں صحافیوں سے گفتگو میں کہنا تھا کہ فوادچوہدری اپنا کردار ادا کر رہے ہیں جب کہ شیخ رشید کے دعوے کا مجھے کوئی علم نہیں ہے،تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کا کہنا تھا فواد چوہدری ہی وزیر اطلاعات رہیں گے، تین ماہ میں کسی وزیر کی کارکردگی کا فیصلہ نہیں ہو سکتا۔خبر رساں ایجنسی آئی این پی کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اپنی بات پر یوٹرن لیتے ہوئے خود سے منسوب باتوں کو بے بنیاد قرار دیا۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری میرا بھائی ہے، فواد چوہدری کو فون کر کے کہا کہ واپس آ جاؤ، اگر وزیر اعظم وزیر اطلاعات کی پیشکش کریں بھی تو میں قبول نہیں کروں گا۔ وزیر اعظم کی عزت اپنی جگہ ہے میں فواد چوہدری کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا ادہر سے ادھر ہو جائے میں و زیر اطلاعات بننے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔پکنک والی بات تو مذاق میں بولی تھی۔